برطانیہ کی عدالت نے دو ایرانی شہریوں کو، ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے لئے حکومت مخالف صحافیوں کی نگرانی کے جرم میں، قصوروار قرار دے دیا ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ ملک میں ایران سے متعلقہ سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔
حکام نے جمعرات کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وولِچ کراؤن کورٹ میں چلنے والے مقدمے میں 41 سالہ مصطفیٰ سپاہ وَند کو دو الگ الگ جرائم میں اور برطانیہ کے قومی سلامتی کے قانون کے تحت 46 سالہ فرہاد جوادی منیش کو ایک جرم میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے اس مقدمے میں 57 سالہ شاپور قلعہلی خانی نوری کو بری کر دیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے جاسوسی کے مذکورہ الزامات میں اپنے کسی بھی کردار کی تردید کی ہے۔ لندن میں ایرانی سفارت خانے نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ:
’’اسلامی جمہوریہ ایران کا لندن سفارت خانہ، برطانوی عدالتی حکام کی جانب سے ایرانی حکومت کو برطانیہ میں ہونے والے پُرتشدد واقعات کی منصوبہ بندی یا حمایت کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے کی مذموم کوششوں کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ مذکورہ افراد اور ایرانی اداروں کے درمیان کسی قسم کے تعلق کے یا مذکورہ افراد کے جاسوسی میں ملوث ہونے کے دعوے سراسر بے بنیاد ہیں۔‘‘
