8اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں ایران پر ممکنہ نئے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارے پاس ایک ایسا کام ہے جسے ہمیں ختم کرنا ہے۔"
نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے اکاؤنٹ سے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ فون پر ہونے والی بات چیت کی ایک ویڈیو شیئر کی۔
اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں اپنی حمایت کرنے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، نیتن یاہو نے ایران پر ممکنہ نئے حملوں کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ "ڈونلڈ ایک کام ہے جو ہمیں ختم کرنا ہے، آپ نے بھی یہ بات کہی تھی اور ہم مل کر اسے ختم کریں گے کیونکہ یہ کام کوئی اور نہیں کرے گا۔"
نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے کے نتیجے میں مزید ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والے ابراہیمی معاہدے میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے لوگوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آپ ان کے لیے سب سے بڑے خطرے یعنی ایک جوہری ایران کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں۔
دوسری طرف ٹرمپ نے یہ بتاتے ہوئے کہ انتخابات میں نیتن یاہو کی حمایت کے لیے جاری کردہ متن انہوں نے خود تحریر کیا تھا کہا کہ آپ ایک جنگجو ہیں، آپ کے ساتھ آپ کے اپنے ملک اور شاید کچھ دوسرے ممالک کی طرف سے ناانصافی کی گئی ہے لیکن آپ ایک عظیم جنگجو ہیں اور ہم یہ ثابت کر کے رہیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
ایران کو مخاطب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر انہوں نے تیزی سے اپنا راستہ نہ بدلاتو ہم جلد ہی یہ کام ختم کر دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر اسرائیل نیتن یاہو کے علاوہ کسی اور لیڈر کا انتخاب کرتا ہے تو امریکہ کو یہ کام خود کرنا پڑے گا۔



















