بلومبرگ کے ارب پتی انڈیکس کے مطابق، عالمی منڈیوں میں تیز رفتار اضافہ اور اسپیس ایکس کے حصص میں بلندی کے باعث، دنیا کے 500 امیر ترین افراد نے ایک دن میں اپنے مجموعی اثاثوں میں 336 بلین ڈالر کا ریکارڈ اضافہ کیاہے۔
نیو یارک اسٹاک مارکیٹ کےبرو زپیر دن کے اختتام پر ریکارڈ کیے گئے اضافوں نے دنیا کے 500 امیر ترین افراد کی مجموعی خالص دولت کو13.3 ٹریلین ڈالر کی ریکارڈسطح تک بڑھا دیا ہے۔
پہلے ہی دنیا کےسرفہرست ارب پتیوں میں شامل 'ایلون مسک' نے فہرست میں اپنی برتری مزید بڑھا لی کیونکہ ان کی دولت 10 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 1.27 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
یہ اضافہ بنیادی طور پر ان کی خلائی کمپنی 'اسپیس ایکس' کے گزشتہ ہفتے عوامی مارکیٹ میں قدم رکھنے اوربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے ہوا ہے ۔ چھوٹے سرمایہ کاروں کے اسپیس ایکس کے حصص کی خرید میں جلدی کرنے کی وجہ سے پیر کو کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا ۔
اس تیزی نے ایک ہی دن میں مسک کی خالص دولت میں 164 بلین ڈالر کا اضافہ کیا جو بلومبرگ کے انڈیکس پر باقی 499 افراد کے مشترکہ فائدے کے تقریباً برابر تھا۔
امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے عبوری معاہدہ طے پانے سے عالمی توانائی کی ترسیل اور تجارتی بہاؤ کے بارے میں خدشات کم ہونے کے بعد منڈیوں کو مزید حوصلہ ملا ہے ۔
ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا جبکہ نیس ڈیک 100 اور MSCI ورلڈ انڈیکس بھی تقریباً ہمیشہ کی بلند ترین سطح کے قریب بند ہوئے۔
بلومبرگ کا انڈیکس اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد کے درمیان فاصلے میں اضافہ ہو رہا ہے۔
فہرست کے اوّلین 50 ارب پتیوں کی دولت اب 6.5 ٹریلین ڈالر ہے جو فہرست کے باقی 450 افراد کی 6.8 ٹریلین ڈالر دولت کے تقریباً برابر ہے۔
بلومبرگ بلینئرز انڈیکس میں داخلے کی حد بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ فہرست کے سب سے نچلے 12 افراد میں سے ہر ایک کی دولت 7.9 بلین ڈالر ہے۔












