آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا
ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی فوج کی بحریہ کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اس واقعے سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ" آج صبح ایک آئل ٹینکر، جس نے پہلے جاری کردہ تمام تر تنبیہات کے باوجود اپنے نگرانی اور شناخت کے نظام بند کر رکھے تھے اور آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں واقع خطرناک اور ممنوعہ علاقے سے گزر رہا تھا، سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا اور رک گیا۔"
بیان میں خبردار کیا گیا کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ’’ممنوعہ علاقے‘‘ سے گزرنے والا ہر جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ جہازوں کے مالکان دوسرے بحری جہازوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات دیکھنے کے باوجود امریکہ پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے آئل ٹینکروں کو ’’بارودی سرنگوں کی جنگ‘‘ میں بھیج رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے امریکہ کی جانب سے 8 جولائی کو دوبارہ حملے شروع کیے جانے کے بعد 12 جولائی کو آبنائے ہرمز کو ایک بار پھر بند کر دیا تھا۔
تہران حکومت نے اس سے قبل دھمکی دی تھی کہ مقررہ بحری راستے کے علاوہ کسی دوسرے راستے سے گزرنے والے اور ’’بغیر اجازت‘‘ آبنائے ہرمز عبور کرنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔



















