دنیا
2 منٹ پڑھنے
ماحول عدم اعتماد کامگر مذکرات میں پیش رفت کا امکان ہے:زیلنسکی
زیلنسکی نے کہا کہ  اس وقت ہمیں انتہائی شدید حملوں کا سامنا ہے یقیناً ہم رواں سال کے آخر تک کوئی نتیجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اسے ممکن بنانے کے لیے ہم اپنی پوری کوشش کریں گے
ماحول عدم اعتماد کامگر مذکرات میں پیش رفت کا امکان ہے:زیلنسکی
زیلنسکی / reuters

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ کیف روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں رواں سال ٹھوس نتائج حاصل کرنے کی امید رکھتا ہے، تاہم اس کا زیادہ تر انحصار اس بات پر ہوگا کہ امریکہ ماسکو کے حوالے سے کیا رویہ اختیار کرتا ہے۔

زیلنسکی نے ابوظہبی میں امریکی قیادت میں یوکرینی اور روسی مذاکرات کاروں کے درمیان ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے بعد بدھ کے روز آئرش وزیر اعظم مائیکل مارٹن کے ساتھ مل کر بیانات دیے۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ  اس وقت ہمیں انتہائی شدید حملوں کا سامنا ہے یقیناً ہم رواں سال کے آخر تک کوئی نتیجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اسے ممکن بنانے کے لیے ہم اپنی پوری کوشش کریں گے۔

یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ  آج امریکی اور روسی فریقین کے درمیان کل ہونے والے مذاکرات کا طریقہ کار انتہائی فیصلہ کن ثابت ہوگا حالات کو دیکھتے ہوئے، میرا ماننا ہے کہ امریکیوں کے لیے بھی اس سال کسی نتیجے پر پہنچنا بہت اہم ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ 2027 سے قبل امن کے حصول کے لیے ایک موقع موجود ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے اپنے "شکوک و شبہات" کا بھی اظہار کیا۔

فروری کے بعد ہونے والے اُن پہلے مذاکرات کا اختتام، جو امریکی قیادت میں منعقد ہوئے، جنگی قیدیوں کے بڑے پیمانے پر تبادلے کے معاہدے پر ہوا تاہم، جنگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کے حوالے سے کوئی اور قابلِ ذکر پیش رفت نہیں ہو سکی۔

توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر جمعرات کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے لیے ماسکو جائیں گے اور اس کے بعد وہاں سے ڈبلن جا کر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔

کشنر نے کہا کہ فریقین کے درمیان اعتماد کی فضا بالکل  نہیں ہے تاہم انہوں نے ابوظہبی مذاکرات کو "ایک اچھا پہلا قدم" قرار دیا۔

روس کے چیف مذاکرات کار ولادیمیر میڈنسکی نے روسی سرکاری ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کے خیال میں مذاکرات کے بعد امن معاہدے کے مزید قریب پہنچا گیا ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس عمل کا زیادہ تر انحصار یوکرین اور امریکہ کے رویے پر ہے۔