جرمنی کے مغربی شہر ڈورٹمنڈ میں ایک ڈونر کباب کی دکان کے افتتاح کے موقع پر رکھی گئی رعائیتی مہم کے باعث شدید بھگدڑ مچ گئی۔
دوکان کے مالک نے افتتاح کے لیے جمع ہونے والے ہجوم کے قابو سے باہر ہونے پر سکیورٹی فورسز سے مدد طلب کی۔
واقعے کے دوران دکان کے مالک نے دعویٰ کیا کہ تقریباً ایک ہزار لوگ جمع ہوئے تھے، جبکہ پولیس حکام نے یہ تعداد 300 کے لگ بھگ بتائی۔
افتتاح کے لیے طلب کردہ نجی سکیورٹی عملہ جب ہجوم کو سنبھالنے میں ناکام رہا تو ہیلی کاپٹر کی مدد سے تقریباً 100 پولیس اہلکار موقع پر روانہ کیے گئے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران اہلکاروں پر بوتلیں، پتھر، پٹاخے، الیکٹرک اسکوٹر اور کرسیاں پھینکی گئیں۔
ڈورٹمنڈ کے چیف آف پولیس ٹم فرومیئر نے تشدد کے ان واقعات کی شدید مذمت کی۔
فرومیئر نے کہا کہ پولیس فورس پر تشدد کرنے والے یہ لوگ محض مہم جو نوجوان نہیں بلکہ براہِ راست مجرم ہیں۔
ان واقعات کے سلسلے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے ایک شخص سے ساؤنڈ گن بھی برآمد ہوئی ہے۔
مشتبہ افراد کے خلاف امن و عامہ میں خلل ڈالنے، املاک کو نقصان پہنچانے اور توہین کرنے کے الزامات کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے دکان کے مالک کے خلاف انکوائری شروع کیے جانے کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔ دوسری جانب، دکان کے مالک نے اعلان کیا ہے کہ وہ بچ جانے والا باقی تمام ڈونر کباب شہر میں بے گھر افراد کی ایک تنظیم کو عطیہ کر دے گا۔
دوکان کے مالک نے افتتاح کی مناسبت سے 1 یورو کی خصوصی رعایتی قیمت کا پہلے ہی اعلان کر رکھا تھا۔
جرمنی بھر میں ڈونر کباب کے ایک پورشن کی اوسط قیمت 7.50 سے 9 یورو کے درمیان ہے۔ سال 2020 تک جو قیمتیں 3.50 سے 4 یورو کی سطح پر تھیں ان میں حالیہ تیز رفتار اضافہ بڑے پیمانے پر توانائی اور خوراک کی لاگت بڑھنے کی وجہ سے ہوا ہے۔
ملک میں سالانہ 1.3 ارب سے زیادہ کھائی جانے والی یہ غذا اب جرمنی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی روزمرہ زندگی میں ایک علامت بن چکی ہے۔























