دنیا
3 منٹ پڑھنے
اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کی فلسطینی زمینوں پر قبضے کے احکامات جاری کر دیئے
اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں کے فلسطینیوں کی زمینیں غصب کرنے کے لئے چار فوجی احکام جاری کئے ہیں: فلسطینی کمیشن برائے دیوار اور آبادکاری
اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کی فلسطینی زمینوں پر قبضے کے احکامات جاری کر دیئے
İsrail, Batı Şeria'da yasa dışı yerleşim birimleri kurma faaliyetlerini sürdürüyor

اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کی فلسطینی زمینوں پر قبضے کے لیے چار فوجی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

فلسطینی گروپوں کے منگل کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق ،  اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں کے فلسطینیوں کی زمینیں غصب کرنے کے لئے چار فوجی احکام جاری کئے ہیں۔  اسی دوران غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں نے الخلیل کے قریب ایک نئی غیر قانونی بستی کی چوکی بھی قائم کر دی ہے۔

فلسطینی کمیشن برائے دیوار اور آبادکاری کے مطابق ان فوجی احکامات کا دائرہ کار قلقیلیہ، نابلس، طوباس اور مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں تقریباً ایک لاکھ 65 ہزار مربع میٹراراضی تک پھیلا ہوا ہے۔

کمیشن نے کہا ہے کہ فوجی مقاصد کے جواز کے ساتھ  جاری کیے گئے ان احکامات کے ذریعے فلسطینی زمینوں پر مزید قبضے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے اور مذکورہ  احکامات سے  پہلے جاری کیے گئے احکامات کے تحت آنے والے علاقوں کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔

کمیشن کے مطابق ان اقدامات کا تعلق، غیر قانونی بستیوں کی چوکیوں کے گرد حفاظتی علاقے قائم کرنے، غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کو سہولت فراہم کرنے والی سڑکوں کو وسیع کرنے اور فوجی ٹھکانوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں سے ہے۔

کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ ان اقدامات کے اثرات براہ راست نشانہ بنائے گئے علاقوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی آس پاس کی زمینوں تک رسائی بھی مزید محدود ہو سکتی ہے۔

فلسطینی حقوق کی تنظیم ’’البیدار‘‘ کے مطابق غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں نے ، مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقے  الخلیل کے جنوب میں دورا کے قریبی علاقے ' حمصہ' میں، ایک نئی بستی کی چوکی قائم کر لی ہے۔

تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے فلسطینی اراضی پر مزید قبضے کی راہ ہموار ہوگی اور علاقے کے رہائشیوں کے لیے وہاں رہنے کے امکانات کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔

کمیشن نے کہا ہے  کہ اکتوبر کے دوران اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 28 نئی غیر قانونی بستیوں کی چوکیاں قائم کرنے کی کوششیں کیں۔ ان چوکیوں  میں سے 9 الخلیل گورنری میں تھیں۔

کمیشن کے اندازے کے مطابق اسرائیل نے اکتوبر 2023 سے اب تک تین برس کے دوران 231 فوجی احکامات اور اقدامات کے ذریعے تقریباً 64 مربع کلومیٹراراضی پر قبضہ کیا یا اسے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

فلسطین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ مشرقی بیت المقدس سمیت مغربی کنارے میں 194 غیر قانونی اسرائیلی بستیاں اور 400 بستیوں کی چوکیاں قائم ہیں جہاں تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار غیر قانونی اسرائیلی آبادکار رہائش پذیر ہیں۔