اقوام متحدہ کے نائب سیکریٹری جنرل برائے مشرقِ وسطیٰ، ایشیا اور بحرالکاہل، محمد خالد خیاری نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اور مشرقِ وسطیٰ کے وسیع تر بحری علاقے میں تجارتی جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ متعدد جہاز اور ان کے عملے کے ارکان کئی ماہ سے خلیج فارس میں پھنسے ہوئے ہیں۔
محمد خالد خیاری نے بحرین کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور سمندری سلامتی کو درپیش خطرات پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف فریقوں کی جانب سے بحری نقل و حمل پر عائد پابندیاں صورتحال میں غیر یقینی کو مزید بڑھا رہی ہیں۔
خالدخیاری نے بتایا کہ وہ ان اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں جن کے مطابق متبادل راستوں کے ذریعے خطے سے توانائی کی برآمدات بڑی حد تک دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ سمندری راستوں سے ہونے والی ترسیل اب بھی تنازع سے پہلے کی سطح سے کم ہے۔
خیاری نے کہا:
’’بین الاقوامی بحری تنظیم (IMO) نے 11 نومبر تک آبنائے ہرمز اور مشرقِ وسطیٰ کے وسیع تر بحری علاقے میں 134 تصدیق شدہ واقعات ریکارڈ کیے ہیں۔ IMO کے مطابق 25 جہاز ران اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں یا لاپتہ ہیں۔ یہ واقعات ناقابلِ قبول ہیں۔ شہری اور تجارتی جہازوں کو کبھی بھی حملوں کا نشانہ نہیں بننا چاہیے۔‘‘
بحیرہ احمر اور باب المندب کی صورتحال
محمد خالد خیاری نے کہا کہ حالیہ عرصے میں بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی کوئی نئی اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم آبنائے باب المندب کے اطراف جاری تنازعات اور آزادانہ بحری آمدورفت کو لاحق خطرات بدستور تشویش کا باعث ہیں۔
انہوں نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر کیے گئے حملوں کی بھی مذمت کی۔
ایران اور امریکہ سے مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل
خیاری نے کہا کہ خطے میں بحری نقل و حمل میں رکاوٹوں کے باعث توانائی، ترسیل اور انشورنس کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے مہنگائی کو مزید تقویت مل رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کھاد کی ترسیل محدود ہونے سے غذائی تحفظ کو بھی خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ اسی لیے سمندری راستوں کو دباؤ ڈالنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کریں اور آزادانہ بحری آمدورفت کے حقوق اور آزادیوں کو بحال کریں۔ انہوں نے تجارتی جہازوں پر حملے فوری طور پر بند کرنے پر بھی زور دیا۔
خیاری نے کہا کہ ستمبر کے آغاز سے اب تک خطے میں بڑے پیمانے پر فوجی تصادم نہ ہونا ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم نئے فوجی تصادم کے امکان سے متعلق بیانات باعثِ تشویش ہیں۔
انہوں نے ایران اور امریکہ پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کو نیک نیتی کے ساتھ جاری رکھیں۔
محمد خالد خیاری نے خبردار کیا کہ اگر دوبارہ جنگ شروع ہوئی تو اس کے ایران، پورے خطے اور اس سے آگے کی دنیا پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کا راستہ سفارت کاری، مفاہمت اور سیاسی جرات پر مبنی ہے۔





















