صدارتی انوسٹمنٹ اینڈ فنانس آفس کی میزبانی اور وزارتِ صنعت و ٹیکنالوجی کی اسٹریٹجک شراکت داری کے ساتھ منعقد ہونے والا عالمی ٹیکنالوجی نمائش '' GITEX پہلی بار استنبول میں شروع ہو گیا ہے۔ اس تقریب کے دائرہ کار میں 70 ممالک سے تعلق رکھنے والے کاروباری حضرات ، سرمایہ کار اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے رہنما ایک جگہ جمع ہوئے ہیں۔
تقریب کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدارتی انوسٹمنٹ اینڈ فنانس آفس کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ گوکخان یو جل نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کی تبدیلی کے سفر میں ترکیہ ایک مضبوط پوزیشن کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ محض ایک پل نہیں ہے، بلکہ دنیا کو آپس میں جوڑنے والا ایک اسٹریٹجک نقطہِ اتصال ہے۔ گوکھان یو جے نے مزید کہا کہ اپنی مضبوط صنعتی صلاحیتوں، اہل و ہنر مند نوجوان آبادی اور ایک ہزار سے زائد مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کے ساتھ، ترکیہ اپنے ٹیکنالوجی کے اہداف کو عالمی اقتصادی قدر میں تبدیل کرنے کے لیے مکمل عزم رکھتا ہے۔
دوسری جانب، 'جائٹیکس' کے نائب صدر بلال الرئیس نے نوٹ کیا کہ یہ تنظیم ترکیہ کے ڈیجیٹل انوویشن انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ یکجا کر رہی ہے۔
دو دن تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں 300 سے زائد کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس، 150 عالمی مقررین اور 100 سے زائد ایسے سرمایہ کار شامل ہیں جو مجموعی طور پر 100 ارب ڈالر سے زائد کے اثاثوں کا انتظام سنبھال رہے ہیں۔ اس پروگرام میں 'ترکورن 100' کے دائرہ کار میں آنے والی مقامی کمپنیاں، معروف ٹیکنو پارکس اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی کی بڑی بڑی کمپنیاں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔





















