فلپائن کے گنجان آباد محلے 'بارانگے' میں وسیع پیمانے کی آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں مکانات تباہ اور 300 سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
مقامی روزنامے 'فلپائن ڈیلی انکوائرر' کی بدھ کو شائع کردہ خبر کے مطابق 'بالکوڈ' شہر کے محلّے بارانگے میں منگل کو رات دیر گئے آگ بھڑک اٹھی۔ اخبار نےشہر کے محکمہ سماجی بہبود کی سربراہ 'ریچل وردے پرادو مانگا 'کے حوالے سے لکھا ہے کہ آگ سے زیادہ تر 'پورک رامون ماگسائے سائے ڈیویس' کے رہائشی متاثر ہوئے ہیں۔
مجموعی طور پر 307 افراد پر مشتمل کم از کم 103 خاندان اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق 27 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور 10 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ مصّدقہ معلومات کے بعد اس تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔
متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ہنگامی ردِ عمل ٹیمیں متعین کر دی گئی ہیں اور بہت سے افراد عارضی طور پر انخلا مراکز میں منتقل کر دیئے گئے ہیں۔






