امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت ’’زیادہ نتیجہ خیز نہیں رہی‘‘ اور تہران حکومت کے ساتھ سفارتی معاہدے تک پہنچنا ’’شاید ممکن نہ ہو۔‘‘
مارکو روبیو نے، جی 7 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے، فرانس کے دارالحکومت پیرس روانگی سے قبل صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئے۔
ایران کے ساتھ سفارتی حل کی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کے ’’زیادہ نتیجہ خیز نہ ہونے‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے روبیو نے کہا ہے کہ ’’میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم کسی پیش رفت کے قریب پہنچ چکے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’’ صدر ٹرمپ ہمیشہ اس مسئلے سمیت ہر معاملے کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن بدقسمتی سے بعض اوقات ایسا ممکن نہیں ہو پاتا۔‘‘
واشنگٹن انتظامیہ کی جانب سے سفارتی کوششوں کے لیے آمادگی پر زور دیتے ہوئے روبیو نے ایران کے مطالبات کو ’’انتہائی غیر معقول اور مضحکہ خیز‘‘ قرار دیا ہے۔
امریکہ کی جانب سے نئے فوجی حملوں کے امکان سے متعلق روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے اقدامات دفاعی نوعیت کے ہیں اور ان کا انحصار امریکی افواج اور بحری آمدورفت کو لاحق خطرات پر ہے۔
روبیو نے کہا ہے کہ اگر خطے میں تعینات امریکی افواج یا بحری نقل و حمل کو کوئی واضح اور فوری خطرہ لاحق ہوتا ہے تو واشنگٹن کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہو گا۔
ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر نے ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوششوں کے سدّباب کے لیے ’’ایک حقیقی خطرہ محسوس کیا‘‘ اور اگرچہ یہ ایک مقبول اقدام نہیں تھا، تاہم انہوں نے اسی بنیاد پر کارروائی کی۔ملکی سلامتی سے متعلقہ مشکل مسائل کا سامنا کرنے پر ہمیشہ عوامی حمایت حاصل نہیں ہوتی تاہم ایسے اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔























