روسی توانائی کمپنی گیس پروم کا کہنا ہے کہ یورپ کے زیرِ زمین قدرتی گیس ذخائر میں پائی جانے والی گیس کی کمی سرد موسم کے دوران قابلِ اعتماد رسد کے لحاظ سے سنگین خطرہ پیدا کرتی ہے۔
گیس پروم کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں یورپ کے قدرتی گیس ذخائر کے جون اور جولائی کے دورانیے کی سطح اور اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ذخائر میں گیس کا خلا 12 ارب مکعب میٹر تک پہنچ گیا ہے اور 31 جولائی تک ذخائر میں قدرتی گیس کی مقدار گزشتہ سال کی اسی تاریخ کے مقابلے میں 17.3 فیصد کم ہے۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ جرمنی، ہالینڈ اور فرانس کے قدرتی گیس ذخیرہ کرنے کی شرح یورپی اوسط سے کم رہی ہے اور اس میں کہا گیا: 'موجودہ صورتِ حال سرد موسم کے دوران یورپی صارفین کو قابلِ اعتماد قدرتی گیس کی فراہم کے حوالے سے خطرہ پیدا کرتی ہے۔'
پابندیوں کے باعث گیس پروم کی یورپ کو قدرتی گیس برآمدات نمایاں حد تک کم ہو گئی تھیں۔


















