روزنامہ لی پاریزیئن نے تفتیش سے واقف ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ فرانس کے شمال مشرق میں واقع فرانسیسی لگژری گلاس ساز لالیک کے میوزیم کو چوروں نے نشانہ بنایا، جنھوں نے اتوار کی صبح تقریباً 4 ملین یورو (4.57 ملین ڈالر) کے زیورات چوری کر لیے ۔
رپورٹ کے مطابق چند نقاب پوش مشتبہ افراد نے دروازہ زبردستی کھولا، چھ شو کیش توڑ ے اور 20 کرسٹل زیورات کے نمونے لے کر فرار ہو گئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ میوزیم اگلے چند روز کے دوران بند رہے گا جب کہ حکام نقصان کا اندازہ لگائیں گے اور حفاظتی انتظامات کو مضبوط کریں گے۔
میوزیم نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان میں کہا ہے کہ "خصوصی فوجی دستے اس حوالے سے تفتیش کرےگی۔"
ونگن-سر-موڈر کے میئر کرسچن ڈورشنیئر نے مقامی اخبار ڈیرنیئر نوویل دَ الزاس کو بتایا کہ چور بظاہر "اچھی معلومات" رکھتے تھے کیونکہ وہ براہِ راست زیورات کی طرف گئے۔
انہوں نے کہا کہ میوزیم کا الارم سسٹم درست طریقے سے کام کر رہا تھا، مگر سیکیورٹی کمپنی نے فوراً پولیس کو مطلع نہیں کیا۔
حکام نگرانی کے کیمرے کی ویڈیوز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
لی پاریزیئن کا کہنا ہے کہ میوزیم کو کمزور اشیاء کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور اسے "خصوصی نگرانی" میں رکھا گیا تھا، یہ اقدام اکتوبر 2025 میں لوور میوزیم میں ہونے والی ایک معروف جواہرات کی چوری کے بعد کیا گیا تھا جس میں چوروں نے تقریباً 102 ملین ڈالر مالیت کی اشیاء چوری کی تھیں۔













