شام کی سرکاری خبر ایجنسی سانا 'SANA' کے مطابق آج بروزجمعرات علی الصبح ایک اسرائیلی جاسوس ڈرون نے علاقے کے اوپر پرواز کی اور اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی شام کے مغربی دیہی علاقے 'درعا' کی زرعی زمینوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی ہے۔
سانا کے مطابق اسرائیلی توپ کا ایک گولہ صوبہ درعا کے مغرب میں واقع گاوں 'جملا' کے اطراف کی زرعی زمینوں پر گرا ہے۔
خبر کے مطابق گولہ باری کے دوران ایک اسرائیلی جاسوس ڈرون ہدف بنائے گئے علاقے کے اوپر پرواز کرتا رہا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے مغربی درعا کے دیہی علاقے میں واقع عبدین گاؤں پر چھاپہ مارا۔ گاؤں کے رہائشیوں کی جانب سے پتھراؤ کے ذریعے مزاحمت کے بعد، فوج نے گاؤں کے مضافاتی علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔
دسمبر 2024 میں بشار الاسدحکومت کے خاتمے کے بعد شام میں، ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھاپوں، تلاشیوں، گرفتاریوں اور فوجی چوکیوں کے قیام پر مشتمل اسرائیلی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔


















