برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم نے، برطانیہ اور امریکہ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتر ی کے ایجنڈے کے ساتھ طے پانے والے سرکاری دورہ امریکہ کے دوران، نیویارک میں یادگارِ 11 ستمبر پر حاضری دی اور امریکی عوام کے ساتھ برطانیہ کی "دائمی یکجہتی"کا اعلان کیا ہے۔
ایران جنگ سے متعلقہ کشیدگی کے سائے میں کیا گیا یہ دورہ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن سے شروع ہوا۔ واشنگٹن پہنچنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شاہ چارلس اور ان کی اہلیہ ملکہ کیملا کا پرتپاک استقبال کیا۔
شاہی جوڑے نے نیویارک میں، ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جگہ قائم، دو حوضوں میں سے ایک پر سفید گلابوں کا گلدستہ اور ایک دستی تحریر میں رقم نوٹ رکھا۔
نوٹ میں درج تھا کہ "ہم،اس گہرے نقصان کے مقابل امریکی عوام کے ساتھ مستقل یکجہتی کی حالت میں ہیں۔ ہم، 11 ستمبر 2001 کے حملوں میں جانیں گنوانے والوں کی یاد تازہ کرتے ہیں"۔
واضح رہے کہ یہ بیان 11 ستمبر کو کئے گئے اور تقریباً 3,000 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے دہشت گردانہ حملوں کی 25ویں برسی کی طرف اشارہ تھا ۔
ہم مل کر زیادہ مضبوط ہیں
شاہ چارلس نے اپنے دورہ نیویارک کے آخر میں کرسٹیز نیلام گھر میں منعقد ہ ایک شاندار تقریب میں شرکت کی۔ یہ نیلام گھر بحرِ اوقیانوس کے آرپار ثقافتی روابط اور نوجوانوں کے خیراتی ادارے 'دی کنگز ٹرسٹ' کے لئے کام کرتا ہے۔
مہمانوں میں سابق ووگ ایڈیٹر 'اینا ونٹور'، گلوکار' لیونل رچی' اور ڈیزائنر' ڈوناٹیلا ورساسی' اور 'اسٹیلا میک کارٹنی' شامل تھے۔
استقبالیہ تقریب میں چارلس نے کہا ہے کہ "برطانیہ اور امریکہ کے درمیان تعلق مشترکہ تخلیقی صلاحیت، کاروباری جذبے اور اقدار پر مبنی ہے۔ یہ تعلق ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم واقعی مل کر زیادہ مضبوط ہیں۔"
انہوں نے ہارلیم میں پائیدار شہری زراعت کے ایک منصوبے کا بھی دورہ کیا۔











