امریکی ریاست ایڈاہو میں دو امریکی جنگی طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست ایڈاہو میں' E/A-18G گرولر' ٹیم کے دو طیارے ماونٹین ہوم ایئر فورس بیس میں بروز اتوار ہونے والے "گن فائٹر ایئر شو" کے دوران حادثے کا شکار ہوگئے۔
حادثے سے کچھ ہی دیر بعد ایک مبصر نے مجمعے کو بتایا کہ امریکی بحریہ کے چاروں پائلٹ 'محفوظ' ہیں۔ تماشائیوں کی جانب سے بنائی گئی ایک ویڈیو میں دونوں جیٹ طیاروں کو ٹکراتے ہوئے اور حادثے کے بعد فضا سے چار پیراشوٹوں کو اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فضائی مظاہرے کے میزبان نے کہا: کہ "ہمارے پاس چار صحیح سلامت پیراشوٹ تھے۔ عملہ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ وہ دھوئیں کی جگہ سے ایک میل جنوب میں موجود ہیں۔ پیراشوٹ زمین پر اتر چکے ہیں۔"
حکام نے اس واقعے کو "فضا ءمیں تصادم" قرار دیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس دوران فضائیہ کے اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔
ماونٹ ہوم ایئر فورس بیس یہ فضائی مظاہرہ آٹھ برس بعد پہلی بار منعقد کیا گیا تھا۔
روزنامہ ایڈاہو اسٹیٹس مین کے مطابق، اس تقریب میں اس سے پہلے بھی حادثات پیش آ چکے ہیں۔
2018 کے فضائی مظاہرے میں ایک پیراگلائیڈر پائلٹ حادثے میں ہلاک ہو گیا تھا۔
2003 میں تھنڈر برڈ جیٹ بھی گر کر تباہ ہو گیا تھا تاہم پائلٹ ایجیکشن سیٹ کے ذریعے بحفاظت بچ نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔
حادثے اور اس کے بعد شروع ہونے والی تحقیقات کے باعث فضائی مظاہرے کی باقی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔












