غّزہ جنگ
2 منٹ پڑھنے
اسرائیل کے تازہ حملوں میں غزہ میں 7 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی
متاثرین، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں، کو الشفاء اسپتال اور غزہ شہر میں فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے فیلڈ اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیل کے تازہ حملوں میں غزہ میں 7 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی
اسرائیلی حملے کے نتیجے میں رمل محلے کی ایک رہائشی عمارت میں لگی آگ۔ / AP

انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ شہر میں ایک رہائشی عمارت اور ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنانے والی  فضائی  کارروائیوں میں سات فلسطینیوں کو ہلاک اور 45 سے زائد کو زخمی کر دیا ۔

طبی ذرائع نے جمعہ کو انادولو کو بتایا کہ متاثرین، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں، کو الشفاء اسپتال اور غزہ شہر میں فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے فیلڈ اسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع نےبتایا ہے کہ متاثرین میں سے تین افراد شہری گاڑی پر حملے میں ہلاک ہوئے جب کہ چار دیگر رہائشی عمارت پر حملے میں جان بحق ہوئے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

انادولو کے ایک نمائندے نے موقع پر بتایا کہ حملے کے گھنٹوں بعد بھی مغربی غزہ شہر کے رمال محلے میں ہدف بننے والی  عمارت میں آگ جل  رہی تھی۔

عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کی عمارتیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔

عینی شاہدین نے  انادولو کو بتایا کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے الوحدہ اسٹریٹ پر ابو عاصی پٹرول اسٹیشن کے نزدیک حرکت کرتی ہوئی ایک شہری گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔

جنگ بندی کی خلاف ورزیاں

اکتوبر 2023 سے غزہ میں ہونے والی اپنی نسل کشی میں اسرائیل نے اب تک 72,600 سے زائد فلسطینی، جن میں اکثریت خواتین اور بچے ہیں، ہلاک اور 172,000 سے زائد کو زخمی کیا ہے۔

اس نے زیادہ تر علاقے کو تباہ و برباد کر دیا  ہے اور اس کی پوری آبادی کو بے گھر کر دیا ہے۔

اگرچہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی طے پائی، اسرائیل نے روزانہ اس کی خلاف ورزی جاری رکھی، جس میں لگ بھگ 857 فلسطینی ہلاک اور 2,486 زخمی ہوئے۔