اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گٹرس نے پاکستان میں ایک مسافر ٹرین پر کئے گئے اور بیس سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے حملے کی مذّمت کی ہے ۔
سیکرٹری دفتر کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "سیکریٹری جنرل پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک ٹرین کو نشانہ بنا کر کئے گئے دھماکے کی مذّمت کرتے ہیں۔ وہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے متمنّی ہیں"۔
دوجارک نے مزید کہا ہے کہ "سیکریٹری جنرل اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی خواہ کسی بھی شکل اور صورت میں ہو ناقابلِ قبول ہے۔ گٹرس نےحملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے پر بھی زور دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے"۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک مسافر ٹرین پر خودکش حملے کے نتیجے میں شدید دھماکہ ہوا جس کے باعث ٹرین پٹڑی سے اتر گئی۔ حملے میں کم از کم 28 افراد ہلاک اور 90 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اُس وقت ہوا جب ٹرین شہر کے فوجی گیریژن علاقے کی جانب بڑھ رہی تھی۔
شورش زدہ علاقہ
بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال خطہ ہے اور اربوں ڈالر کے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے لیے ایک اہم گزرگاہ بھی ہے۔ یہ علاقہ طویل عرصے سے علیحدگی پسند گروہوں کی طرف سے کئے گئے پُرتشدد حملوں کا شکار ہے۔
گزشتہ سال مارچ میں دہشت گردوں نے فوجی مسافروں پر مشتمل جعفر ایکسپریس کو اغوا کر لیا اور سینکڑوں افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ کئی روز تک جاری رہنے والے محاصرے کا خاتمہ ایک فوجی آپریشن پر ہوا۔ واقعے میں 21 یرغمالی اور چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے اور تمام 33 حملہ آور کیفر کردار تک پہنچا دیئے گئے تھے۔
پاکستانی فورسز نے کہا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے صوبے بھر میں ایک گروہ کی جانب سے مربوط حملوں میں تقریباً 50 افراد کی ہلاکت کے بعد 145 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے ہیں۔









