فرانس کے مشرقی علاقے کے قصبے ٹومبلین کے قریب پیراشوٹروں پر مشتمل ایک شہری طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوبہ 'میورت-ای-موزیل' کے گورنر' ایو سیگوئے' کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اتوار کے روز پیش آنے والے اس حادثے میں پانچ انسٹرکٹر، پانچ زیرِ تربیت پیراشوٹر اور ایک پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
سیگوئے نے مزید کہا ہے کہ جن علاقوں میں طیارے کا ملبہ گرا ہے وہاں سے کسی شخص کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
جرمنی میں رجسٹرڈ یہ طیارہ فرانس کے مشرق میں واقع 'نینسی-ایسے' ہوائی اڈے کے رن وے کے قریب ایک سرسبز میدان میں گر کر تباہ ہوا ہے۔
حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
اطلاع کے مطابق طبی و نفسیاتی امدادی ٹیمیں ہوائی اڈے پر موجود متاثرین کے اہل خانہ اور حادثے کے عینی شاہدین کو مدد فراہم کر رہی ہیں۔
نینسی کے ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر 'اماوری لاکوت' نے اعلان کیا ہے کہ حادثے کی تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عوام سے اپیل کی ہے کہ امدادی ٹیموں کی آمد و رفت میں سہولت کے لیے ہوائی اڈے کے اطراف کے علاقے سے مکمل طور پر دور رہیں۔
اطلاع کے مطابق فرانس کے وزیر داخلہ لوراں نونیز دوپہر کے وقت جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے۔










