امریکی ریپر 'میکلمور' نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کے 9 بڑے کنسرٹ ہالوں نے فلسطین کی حمایت میں متوقع تقریبات کی میزبانی سے انکار کر دیا ہے۔
میکلمور نے کنسرٹ ہالوں کے منتظمین کو، کنسرٹوں کے ’’آزاد فلسطین‘‘ نامی امدادی ٹور کا حصہ ہونے کی خبر ہوتے ہی،تقریبات کے انعقاد میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا قصور وار ٹھہرایا ہے۔
گریمی ایوارڈ یافتہ فنکار نے جمعے کے روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرجاری کردہ ایک تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ ڈبلن، پیرس اور لندن میں کامیاب کنسرٹوں کے بعد ان کا ارادہ تھا کہ اس ٹور کو امریکہ منتقل کیا جائے۔
میکلمور نے، میڈیسن اسکوائر گارڈن، پروڈنشل سینٹر، بارکلیز سینٹر، یو بی ایس ایرینا، انٹیوٹ ڈوم، کے آئی اے فورم، کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا، چیز سینٹر اور کلائمیٹ پلیج ایرینا کا حوالہ دیتے ہوئے، کہا ہے کہ ’’کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد امریکہ کے نو بڑے کنسرٹ ہالوں نے اپنے دروازے ہم پربند کر دیئے ہیں۔‘‘
فنکار نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے ستمبر کے وسط میں سال کے اختتام تک کے کنسرٹوں کے لیے موزوں تاریخیں حاصل کر لی تھیں لیکن جیسے ہی کنسرٹ ہالوں کے منتظمین کو معلوم ہوا کہ یہ تقریبات فلسطین کی حمایت میں منعقد کی جائیں گی، تو انہوں نے تمام تاریخیں منسوخ کر دیں۔
فلسطین کے حامی فنکاروں کو خاموش کرانے کی کوششیں
میکلمور نے کہا ہے کہ "ہمارے منہ پر دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ مجھے، موسیقی کے شعبے میں 20 سال سے زیادہ عرصے پر محیط فنی سفر کے دوران پہلے کبھی ایسی صورتِ حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا"۔
ریپر کا مؤقف ہے کہ تفریحی صنعت کی بااثر شخصیات ان فنکاروں کو خاموش کرانے کی کوشش کر رہی ہیں جو کھل کر فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، اظہارِ رائے کی آزادی کے بجائے تجارتی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’’ہم ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جو اپنے آپ کو اظہارِ رائے کی آزادی کا علمبردار سمجھتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ فیصلہ کرنا کہ فنکار کن معاملات کی حمایت کر سکتے ہیں اور کن کی نہیں دولت مندوں کے اختیار میں ہے؟
انہوں نے فلسطین کی حامی آوازوں کو دھمکانے اور ان پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں پر بھی تنقید کی اور اعتراف کیا ہےکہ انہیں ماضی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایسے ہی واقعات کے بارے میں عوامی سطح پر بات نہ کرنے پر افسوس ہے۔
’’ہم اپنے اسٹیج خود قائم کریں گے‘‘
میکلمور نے اپنے دورے کے یورپی مرحلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں کنسرٹوں کے تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے اور ان تقریبات میں ہزاروں نہیں بلکہ دسیوں ہزار افراد نے شرکت کی۔ ان کے مطابق ان تقریبات میں فلسطینی حقوق کی حمایت کرنے والے 40 سے زائد فنکاروں اور مقّررین نے بھی حصہ لیا۔
امریکی موسیقار نے اس بات پر زور دیا ہے کہ درپیش رکاوٹوں کے باوجود وہ امدادی کنسرٹوں کا انعقاد جاری رکھیں گے، خواہ یہ کانسرٹ انہیں امریکہ سے باہر ہی کیوں نہ دینا پڑیں۔
میکلمور نے کہا ہے کہ ’’ہمارے، فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے لیے عطیات جمع کرنے کے، عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ہم اپنے اسٹیج خود لگائیں گے۔‘‘























