دنیا
2 منٹ پڑھنے
میں، کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں: ٹرمپ
میں عہدۂ صدارت سے سبکدوشی سے قبل ’’کیوبا کا معاملہ حل کرنا‘‘ چاہتا ہوں: صدر ڈونلڈ ٹرمپ
میں، کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں: ٹرمپ
Trump

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں،’’کیوبا کا معاملہ حل کرنا‘‘ چاہتا ہوں۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدۂ صدارت سے سبکدوش ہونے سے قبل ’’کیوبا کا معاملہ حل کرنا‘‘ چاہتے ہیں۔ اور یہ کہ  وہ، بحیرۂ کیریبین کے اس جزیرے پر واقع ملک کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کے پہلو پر ’’یقیناً غور کریں گے۔‘‘

جمعرات کے روز سیلم نیوز چینل کے لئے ایک انٹرویو میں اس سوال کے جواب میں  کہ آیا وہ اپنی صدارتی مدت ختم ہونے سے پہلے کیوبا میں فوجی مداخلت کی منظوری دے سکتے ہیں؟ ٹرمپ نے کہا کہ  ’’میں عہدۂ صدارت سے سبکدوش ہونے سے پہلے کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

صحافیوں سے گفتگو کے دوران  ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’’ہم صورتِ حال پر بہت گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وہاں حالات انتہائی خراب ہیں۔ درحقیقت کیوبا  ایک ناکام ریاست بن چکا ہے۔‘‘

ٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کی تعریف کی اور  کہا ہے کہ وہ بھی اس معاملے کو حل کرنے کے ’’بہت خواہش مند‘‘ ہوں گے۔ واضح رہے کہ روبیو کے والدین کا تعلق کیوبا سے ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ ’’میں یہ سب وہاں کے عوام، یعنی  کیوبا کے ان باشندوں کے لیے کرنا چاہتا ہوں جن کے ساتھ انتہائی بُرا سلوک کیا گیا اور جنہوں نے بعد ازاں امریکہ میں پناہ حاصل کی۔‘‘

’’ناکام ریاست‘‘

ٹرمپ کے دوسرے صدارتی دور میں امریکی حکومت نے کیوبا پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔

ٹرمپ اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھی کیوبا کو ’’ناکام ریاست‘‘ قرار دیا اور  کہا تھا کہ ’’کیوبا کو آزادی مل کر رہے گی۔‘‘ ان کے اس بیان کے بعد کیوبا کے وفد نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ہال چھوڑ دیا تھا۔

امریکہ کی جانب سے عائد کردہ تیل کی ناکہ بندی نے ملک کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ کیوبا پہلے ہی ایندھن کی قلت اور بجلی کی بندش جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ملک کے  تباہ حال بنیادی ڈھانچے نے ان مشکلات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے امریکی تیل کی ناکہ بندی کی مذّمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔