اسرائیل نے جنوبی لبنان پر فضائی حملوں میں کم از کم 17 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا ہے۔
لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی' این این اے' کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان پر فضائی حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملے نافذ العمل جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزیاں ہیں۔
نبطیہ کے علاقے کفر رومان کے قبرستان کو نشانہ بنانے والے حملے میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ نبطیہ اور جنوبی صوبے کو ملانے والی دو سڑکوں پر تین ڈرون حملوں میں بھی تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
نبطیہ کے قصبے 'عربصالیم ' میں ایک گھر کو نشانہ بنا کر کئے گئے حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسی قصبے پرقبل ازیں کیے گئے حملے میں زخمی ہونے والا ایک نوجوان بھی بعد میں دم توڑ گیا ہے۔
مغربی بقاع کے علاقے مشغرا پر کئے گئے حملوں میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
صیدا کے علاقے کوثریۃ السیاد پر کیے گئے حملے میں بھی دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوجی حملوں میں اضافہ
ایجنسی کے مطابق حملوں میں آتش گیر فاسفورس گولہ بارود کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں جنوبی علاقے قلیلة کے جنگلات ، مالٹے کے باغات اور زرعی اراضی میں آگ بھڑک اٹھی۔
لبنانی حکام کے مطابق اسرائیل نے 2 مارچ سے جنوبی لبنان پر جاری حملوں کا دائرہ وسیع کر رہا ہے۔ حملوں کے آغاز سے تاحال تقریباً 3 ہزار 200 افراد ہلاک اور 9 ہزار 600 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
امریکی ثالثی میں ہونے والی اور 17 اپریل سے نافذ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج روزانہ حملے اور تباہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے پیر کے روز کہا تھا کہ اس نے فوج کو لبنان بھر میں حملوں کا دائرہ وسیع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔








