امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ، روس کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے موضوع پر بات چیت کر سکتے ہیں۔
امریکہ وزارتِ خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور چین کے اعلیٰ سطحی سفارت کاروں کے درمیان اس امکان پر تبادلہ خیال ہوا ہے کہ صدر ٹرمپ اور صدر پنگ، روس کی شرکت سے متوقع سہ فریقی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے پر بات چیت کر سکتے ہیں۔
دونوں ممالک کے جاری کردہ بیانات کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان ٹیلی فونک ملاقات ہوئی ہے۔
یہ ملاقات، 18 تا 19 نومبر کو چین کے ٹیکنالوجی مرکز 'شینزین' میں متوقع ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (APEC) کے سربراہی اجلاس سے قبل کی گئی ہے۔
تینوں ممالک کے حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ٹرمپ، شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن سربراہی اجلاس کے موقع پر سہ فریقی ملاقات کر سکتے ہیں۔
امریکہ وزارتِ خارجہ نے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ روبیو اور وانگ یی نے ، امن اور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے جیسے اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے، اعلیٰ سطح پر بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ٹیلی فونک ملاقات بیجنگ کی درخواست پر ہوئی اور اس میں روس کی شرکت سے ممکنہ سہ فریقی سربراہی ملاقات کے امکان پر بھی بات کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ، قبل ازیں ، جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے پر بات چیت کے لئے، شی جن پنگ اور پوتن کے ساتھ ملاقات کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔ تاہم بیجنگ نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کا معاملہ تینوں رہنماؤں کے ممکنہ مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوگا یا نہیں۔
جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کا معاملہ بدستور اختلاف کا باعث
واشنگٹن اس سے قبل بھی یہ مؤقف اختیار کر چکا ہے کہ فروری میں روس کے ساتھ دوطرفہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد چین کو بھی جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے کسی معاہدے میں شامل ہونا چاہیے۔
تاہم بیجنگ نے اس مؤقف کے ساتھ تخفیفِ اسلحہ کے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا تھا کہ اس کی جوہری صلاحیت امریکہ اور روس کے مقابلے میں بالکل مختلف سطح پر ہے۔
چین وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وانگ یی نے مارکو روبیو سے کہا ہےکہ چین، امریکہ کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تیار ہے۔
وانگ یی نے دونوں ممالک کےباہمی تعلقات میں بڑی کوششوں اور مشکلات کے بعد استحکام آنے پر زور دیا اور کہا ہے کہ بیجنگ، واشنگٹن کے ساتھ اپنے اختلافات اور حساس معاملات کو مناسب طریقے سے حل کرنے پر آمادہ ہے۔
واضح رہے کہ 2025 کے اوائل میں ایک دوسرے کے لئے متعدد بار محصولات میں اضافہ کرنے کے بعد، دونوں ممالک گزشتہ سال جنوبی کوریا میں منعقدہ ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر تجارتی کشیدگی میں کمی کے لئے ایک معاہدے پر پہنچے تھے۔
ٹرمپ نے اتوار کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ ایران میں جاری جنگ کے خاتمے کے حوالے سے بات چیت کے لیے شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن سے ملاقات کر سکتے ہیں۔





















