انگلینڈ نے فرانس کو 6-4 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔
ڈیکلن رائس نے میچ کے تیسرے منٹ میں پہلا گول کیا اور ایزری کونسا نے 18ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا۔
بوکایو ساکا نے پہلے ہاف کے 37ویں منٹ اور انجری ٹائم میں دو گول کر کے "تھری لائنز" کے نام سے معروف انگلینڈ کو 4-0 کی برتری دلائی۔
فرانس کے اسٹار اسٹرائیکر کیلیان ایمباپے نے دوسرے ہاف میں 48ویں اور 66ویں منٹ میں دو گول کئے اور بریڈلی بارکولا نے 54ویں منٹ میں فرانس کا تیسرا گول اسکور کیا۔
ساکا نے 87ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انجری ٹائم میں عثمان ڈیمبیلے نے فرانس کا چوتھا اور آخری گول کیااور میچ کے آخری لمحات میں جوڈ بیلنگھم نے انگلینڈ کا چھٹا اور آخری گول کر دیا۔
ایمباپے کا نیا ریکارڈ
کیلیان ایمباپے نے ہفتے کے روز دو گولوں کے ساتھ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 22 گول مکمل کر کے ٹورنامنٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیاہے۔
27 سالہ ایمباپے نے ارجنٹائن کے لیونل میسی کے 21 گولوں کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔ میسی اتوار کو اسپین کے خلاف فائنل کھیلیں گے، اور یہ غالب امکان ہے کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا، جبکہ ایمباپے کے پاس مستقبل میں کم از کم ایک اور بین الاقوامی بڑے ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع موجود ہو سکتا ہے۔
ایمباپے نے اپنے تیسرے ورلڈ کپ ایڈیشن کا اختتام 10 گولوں کے ساتھ کیا اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی پر دو گولوں کی برتری حاصل کر لی۔
ریال میڈرڈ کے فارورڈ نے یہ کارنامہ صرف 22 ورلڈ کپ میچوں میں انجام دیا۔ انہوں نے 2018 کے ورلڈ کپ میں چار اور 2022 کے ایڈیشن میں آٹھ گول کر کے فرانس کو دونوں مرتبہ فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فرانس نے 2018 میں کروشیا کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا، جبکہ 2022 کے فائنل میں اسے ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایمباپے نے کہا، "مجھے یقین ہے کہ میسی (اتوار کو) گول کریں گے۔ میں صرف اپنی ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ جب آپ ورلڈ کپ میں بہت زیادہ گول کرتے ہیں تو آپ ایک خاص درجے میں آ جاتے ہیں۔ ہر وقت کا سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بننا یقیناً بڑی بات ہے، لیکن میں اس کے بجائے کل کا فائنل کھیلنا پسند کرتا۔ اپنے ورثے کے حوالے سے یہ ایک اچھی کامیابی ہے، مگر اس وقت میری پہلی ترجیح یہ نہیں ہے۔"















