ترکیہ نے انڈونیشیا میں آنے والے زلزلوں کے نتیجے میں جس میں کم از کم 51 افراد ہلاک ہوئے اور بڑے پیمانے پر تباہی مچی، گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترک وزارتِ خارجہ نے شمالی سماٹرا اور فلورس میں آنے والے زلزلوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انڈونیشیا کے عوام کے ساتھ یکجہتی پر زور دیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ اور انڈونیشیا کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔"
جزائر کے مختلف حصوں میں ان زلزلوں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے، جبکہ خطے میں ہنگامی امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ آفت سے نمٹنے والی ٹیمیں تباہی کے حجم کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا ایک مشکل عمل شروع ہو چکا ہے۔
اتوار کے روز بھی جاری رہنے والی تلاش اور بچاؤ کی سرگرمیوں میں بچ جانے والوں تک پہنچنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جبکہ جزیرہ فلورس میں ایندھن اور ایل پی جی کی سپلائی دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔
سیکا، مبرائے، ناگیکیو، بیما اور سیلایار کے علاقوں میں تقریباً 6 ہزار افراد نے محفوظ مقامات پر پناہ لی ہے۔ زلزلے میں 914 مکانات، 93 تعلیمی ادارے، 36 طبی مراکز اور 38 عوامی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

















