ترکیہ وزارتِ ماحولیات و شہری منصوبہ بندی و موسمیاتی تبدیلی کے مطابق " کوپ۔31 ترکیہ رضاکار پروگرام" کے تحت منتخب کیے جانے والے 5 ہزار رضاکار سربراہی اجلاس کے مقام کے علاوہ انطالیہ بھر اور ترکیہ کے مختلف علاقوں میں ماحولیاتی و موسمیاتی شعور میں اضافے سے متعلقہ سرگرمیوں کے لئے خدمات سر انجام دیں گے۔
ہدف کے مطابق اس پروگرام کے تحت 5 ہزار رُکنی رضاکار نیٹ ورک میں سے 1,500 رضاکاروں کا انتخاب بین الاقوامی رضاکاروں میں سے کیا جائے گا۔
پروگرام میں شمولیت کے لئے درخواستیں اگست تک وصول کی جائیں گی اور اس وقت تک 104 ممالک سے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چُکی ہیں۔
درخواستوں کی مدت ختم ہونے کے بعدمقّررہ معیار کے مطابق امیدواروں کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
جائزے کے بعد منتخب ہونے والے رضاکار COP31 سے قبل خصوصی اور جامع تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے رضاکار اپنی صلاحیتوں، دلچسپیوں، غیر ملکی زبان پر عبور اور پروگرام کی ضروریات کے مطابق مختلف شعبوں میں سربراہی اجلاس کے دوران ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
رضاکار مہمانوں کے استقبال اور رہنمائی، تقریبات میں معاونت، فیلڈ کوآرڈینیشن، وفود سے رابطہ، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی مہمات اور مختلف انتظامی و آپریشنل امور میں COP31 کے انعقاد میں تعاون فراہم کریں گے۔
COP31 ترکیہ رضاکارپروگرام میں درخواست دینے اور پروگرام کی مزید تفصیلات جاننے کے خواہش مند افراد cop31volunteers.com ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

















