ایران پر نئے امریکی حملے شروع ہونے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایران کےسرکاری ٹیلی ویژن آئی آر آئی بی 'IRIB' کے مطابق ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے دارالحکومت بندر عباس میں ایک دھماکہ ہوا ہے۔
نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جزیرۂ قشم اور اس کے قریبی سمندری علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور ہرمزگان کے شہر سیریک میں بھی ایک اور دھماکے کی اطلاع ملی ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا 'IRNA' نے جنوبی صوبے فارس کے شہر شیراز میں ایک دھماکے کی اطلاع دی ہے۔
اس سے قبل ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہروں چابہار اور کنارک میں 14 دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
نیم سرکاری مہر نیوز ایجنسی کی خبر کے مطابق ایران کے جنوبی علاقے میں واقع بوشہر جوہری بجلی گھر کے قریب فضائی دفاعی نظام متحرک ہونے کی آوازیں سنی گئی ہیں اور اصفہان میں بھی دو دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تاہم بعد میں ایرانی ذرائع ابلاغ نے صوبہ اصفہان کے سلامتی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نائب گورنر کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبے میں کسی دشمن حملے یا دھماکے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
تاحال ان واقعات میں کسی جانی یا مالی نقصان کے بارے میں کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب، امریکی سینٹرل کمانڈ 'CENTCOM' نے کہا ہے کہ سپریم کمانڈر کی ہدایت پر ایران کے خلاف نئے فضائی حملے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ بیان کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی اُن فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے جنہیں وہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال کررہا ہے۔













