یوکرین کی سرکاری ہنگامی خدمات نے آج بروز اتوار جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ دارالحکومت کیف پر رات بھر کے روسی حملوں میں ایک شخص ہلاک اور 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
حملوں کے نتیجے میں کیف کے مختلف علاقوں میں متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، غیر رہائشی عمارتیں متاثر ہوئیں اور کئی کھلے مقامات پر ملبہ بکھر گیا ہے۔
سرکاری فیس بک پوسٹ کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر آگ بجھانے اور ملبہ ہٹانے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایک اور ڈرون حملے میں جنوب مشرقی علاقے زاپوریژیا میں ایک مسافر ٹرین بھی نشانہ بنی ہے۔
زاپوریژیا کے گورنر ایوان فیڈوروف نے ٹیلیگرام سے جاری کردہ بیان میں اس حملے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب یوکرین فضائیہ نے کہا ہے کہ اس نے رات بھر کے حملوں کے دوران 18 میزائل اور 108 ڈرون مار گرائے یا ناکارہ بنا دیئے ہیں۔
ادھر روس کے شمالی علاقے اسٹاوروپول میں بھی رات کے حملوں کے بعد ایک صنعتی تنصیب میں آگ لگ گئی۔ گورنر ولادیمیر ولادیمیروف نے ٹیلیگرام سے جاری کردہ بیان میں اس کی تصدیق کی ہے۔
ولادیمیروف نے کہا ہے کہ "یہ تنصیب رہائشی علاقوں سے کافی دور واقع ہے اور قریبی رہائشی عمارتوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔"
روس: فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا
روس وزارتِ دفاع نے کیف پر حملے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ اس کی افواج نے دارالحکومت اور اس کے نواح میں واقع فوجی و صنعتی تنصیبات، لاجسٹک مراکز اور بحیرۂ اسود کے ساحلی علاقے اوڈیسا کے یوزھنی بندرگاہ کے اس بنیادی ڈھانچے پر "بڑے پیمانے پر" حملے کیے، جسے روس کے مطابق فوجی سازوسامان کے ذخیرے اور ترسیل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
وزارت کے مطابق حملوں میں کیف کی دفاعی صنعت سے منسلک اور میزائلوں، ڈرونوں اور دیگر فوجی نظاموں کے لیے پرزے تیار یا فراہم کرنے والی کمپنیوں ریڈیونکس، اسپیٹس اوبورون ماش/آرٹیم ، میریڈیئن اور اوک لائن کو نشانہ بنایا گیاہے۔
وزارت نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کی افواج نے کیف انوویشن ٹرمینل اور تاراسیوکا میں قائم اس کے لاجسٹک مرکز کو بھی نشانہ بنایا جہاں ڈرونوں کے پرزے جوڑے اور تقسیم کیے جاتے تھے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق یہ تمام اہداف یوکرین کے ڈرون، میزائل اور الیکٹرانک جنگی پروگراموں کی معاونت کر رہے تھے۔
روس وزارتِ دفاع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے ملک بھر میں رات کے دوران ہونے والے حملوں میں، الحاق شدہ کریمیا، بحیرۂ آزوف اور بحیرۂ اسود کے اوپر یوکرین کے 140 ڈرون تباہ کئے ہیں۔
جنگ جاری ہونے کی وجہ سے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔













