امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹلہاسی میں ہفتے کی شب فلوریڈا اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے بریگ میموریل اسٹیڈیم کے قریب فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی پولیس اور یونیورسٹی حکام کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق زخمیوں میں سے 11 افراد کو گولیاں لگی ہیں اور زخمی ہونے والوں میں چھ بالغ اور چھ بچے شامل ہیں۔
ٹلہاسی شعبہ پولیس نے اطلاع دی ہےکہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد کی حالت تشویش ناک اور دیگر نو افراد کی حالت مستحکم ہے۔
حکام اور مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، یہ واقعہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کے روایتی سالانہ اجتماع کے سلسلے میں منعقدہ امریکی فٹ بال میچ سے فوراً بعد پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں موجود لوگوں کو اپنی موجودہ جگہوں پر رہنے اور وہاں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی۔
پولیس کی ترجمان ایلیشیا ہِل نے فائرنگ کے نتیجے میں لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ مقامی اخبار ٹلہاسی ڈیماکریٹ کی خبرکے مطابق، حکام نے رات گئے اعلان کیا کہ جائے وقوعہ پر سکیورٹی یقینی بنا دی گئی ہے۔
فلوریڈا اے اینڈ ایم یونیورسٹی نے مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 40 منٹ کے قریب سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے اسٹیڈیم کے قریب موجود افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی جگہوں پر رہیں یا علاقے سے دُور رہیں۔
فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی نے بھی احتیاطی تدبیر کے طور پر ٹلہاسی بھر میں اپنے طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کو عمارتوں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا۔ یونیورسٹی نے واضح کیا کہ فی الحال ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ اس کے طلبہ یا عملے کے ارکان اس واقعے میں ملوث ہیں۔
فائرنگ کے واقعے کی وجوہات اور اس کے پیش آنے کے طریقۂ کار سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔


















