روسی فوج کے ایک بڑے شبانہ حملے میں یوکرین میں چار افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے، روس نے جنوب مشرقی یوکرین کے شہر دنیپرو کو نشانہ بناتے ہوئے 660 سے زائد ڈرونز اور میزائل داغے اور کئی دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زلنسکی نے سوشل میڈیا پر لکھا، "عملاً پوری رات روسیوں نے دنیپرو اور ہمارے دیگر شہروں اور آبادیوں پر بمباری کی"، جس میں زیادہ تر ہدف شہری انفراسٹرکچر تھے۔
ریجنل گورنر اولیکسندر ہانژا نے کہا کہ دنیپرو میں ایک عمارت سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ پانچ اور افراد ممکنہ طور پر ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔ شہر میں مزید 21 افراد زخمی ہوئے۔
شمالی علاقے چیرنیہیف کے گورنر کا کہنا ہے کہ میزائل اور ڈرون حملوں میں دو افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے ۔
زیلنسکی نے کہا ہے کہ"ایسے ہر حملے کو ہمارے شراکت داروں کے لیے یہ یاد دہانی بننا چاہیے کہ صورتحال فوری اور ٹھوس اقدام، اور ہماری فضائی دفاعی صلاحیتوں کی تیز رفتار تقویت کا تقاضا کرتی ہے۔"
یوکرینی فضائیہ نے ٹیلیگرام پر ایک بیان میں کہا کہ روس نے 619 ڈرونز اور 47 میزائل یوکرین پر داغے، جن میں سے 580 ڈرونز اور 30 میزائل مار گرائے گئے۔
روس ہر شب درجنوں ڈرونز کے چھوٹے حملے کرتا رہا ہے، اور درمیان میں کبھی کبھار بڑے پیمانے پر حملے بھی کیے جاتے ہیں جن میں سینکڑوں ڈرونز اور درجنوں میزائل استعمال ہوتے ہیں۔








