امریکہ کی ریاست آئیووا میں مسلح حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پیر کے روز امریکی ریاست آئیووا میں کئے گئے مسلح حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بعد ازاں مشتبہ حملہ آور نے پولیس کا سامنا ہوتے ہی خود کو گولی مار کے خود کُشی کر لی۔
مسکاتین شعبہ پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق قتل کی وارداتیں مسکاتین کے دو رہائشی مکانات اور ایک کاروباری جگہ پر کی گئی ہیں اور چار مقتولین کو ایک ہی رہائش گاہ کے اندر مردہ پایا گیا ہے۔
ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ فائرنگ کا تعلق گھریلو تنازعے سے تھا۔ پولیس کے مطابق تمام مقتولین مشتبہ ملزم کے خاندانی افراد سمجھے جا رہے ہیں۔
حکام کو فائرنگ کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر 12 بج کر 12 منٹ پر موصول ہوئی۔ جب مسکاتین پولیس موقع پر پہنچی تو چاروں افراد ہلاک ہو چُکے تھے۔
پولیس نے مشتبہ شخص کی شناخت مسکاتین کے 52 سالہ رائن وِلس میکفارلینڈ کے طور پر کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق قاتل، پولیس کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے ہی ،موقع سے فرار ہو چکا تھا۔
پولیس نےقاتل کو ریور فرنٹ ٹریل کے قریب سے ڈھونڈ نکالا لیکن قاتل نے پولیس مقابلے کے دوران خود کو گولی مار لی۔
بعد ازاں پولیس کو مزید دو مردوں کی لاشیں ملیں جو بظاہر گولی کے زخموں سے ہلاک ہوئے تھے۔ ایک مقتول ایک الگ رہائش گاہ پر ملا جبکہ دوسرا قریب ہی ایک کاروباری جگہ پر پایا گیا۔
تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس متعدد مقامات سے شواہد اکٹھے کر رہی اور گواہوں کے بیانات قلمبند کر رہی ہے۔












