ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک بہت بڑا بینر آویزاں کیا گیا ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سلاخوں کے پیچھے دکھایا گیا ہے اور اس پر لکھا ہے "ہم ٹرمپ کو قتل کر دیں گے"۔
تہران کے اہم مقامات میں سے ایک انقلاب میدان پر لٹکائے گئے اس دیو قامت بینر پر علامتی طور پر امریکی صدر ٹرمپ کو قید میں دکھایا گیا ہے جبکہ بینر پر انگریزی اور فارسی زبانوں میں "ہم ٹرمپ کو قتل کر دیں گے" کا پیغام درج ہے۔
میدان کے ایک دوسرے حصے میں ایک ایسی تصویر کی نمائش کی گئی ہے جس میں ٹرمپ، ان کے مشرقِ وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کو انتہائی نڈھال اور پھٹے ہوئے کپڑوں میں دکھایا گیا ہے۔
اس تصویر میں امریکہ اور اسرائیل کے جلے ہوئے اور پھٹے ہوئے پرچم بھی شامل ہیں۔
انقلاب میدان پر جمع ہونے والے تقریباً 500 افراد نے ایک چھوٹا احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
ایران اور حزب اللہ کے پرچم اٹھائے ہوئے مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، کچھ مظاہرین نے ٹرمپ کی تصویر والے پلے کارڈز کو اپنے پیروں تلے روندا۔





















