مشرق وسطی
2 منٹ پڑھنے
جنگ بندی میں توسیع کے باوجود لبنان پر اسرائیل کے حملے
لبنان کی قومی نیوز ایجنسی کے مطابق، اسرائیل نے آج صبح ، چند گھنٹے قبل اعلان کردہ جنگ بندی میں توسیع کے باوجود جنوبی لبنان کے مختلف حصوں میں فضائی حملے اور گولہ باری کی
جنگ بندی میں توسیع کے باوجود لبنان پر اسرائیل کے حملے
لبنان-اسرائیل

لبنان کی قومی نیوز ایجنسی کے مطابق، اسرائیل نے آج صبح ، چند گھنٹے قبل اعلان کردہ جنگ بندی میں توسیع کے باوجود جنوبی لبنان کے مختلف حصوں میں فضائی حملے اور گولہ باری کی۔

ایجنسی کے مطابق، مرجعیون ضلع کے قصبے تولین میں طلوعِ آفتاب کے وقت اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں گولہ باری ہوئی۔

ضلع صور میں اسرائیلی طیاروں نے مجدل زون کے مضافات پر حملے کیے۔

 یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں سفارتی  سطح کی بات چیت کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کو تین ہفتوں کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔

امریکی ثالثی میں طے پانے والی 10 روزہ جنگ بندی جو 16 اپریل کو نافذ ہوئی تھی ، اتوار کو ختم ہونے والی تھی۔

اس سے پہلے اقوامِ متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈانون نے کہا کہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی "سو فیصد" نہیں ہے۔

ڈانون نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میرا خیال ہے کہ بنیادی سوال یہ ہے کہ آیا لبنانی حکومت جنگ بندی یا امن معاہدے پر عمل درآمد کرا سکتی ہے یا واقعی جنوبی لبنان پر خودمختاری نافذ کر سکتی ہے۔

لبنانی حکام کے مطابق، 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 2,200 سے زائد افراد ہلاک اور ایک ملین سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔