لبنانی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی طیاروں نے آج علی الصبح جنوبی لبنان پر نئے حملے کیے ہیں۔
این این اے نے رپورٹ کیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 6 بجے نبطیہ الفوقا کے مشرقی مضافات میں واقع علی الطاہر کے جنگلاتی علاقے پر دو فضائی حملے کیے گئے۔
ایجنسی نے بتایا کہ طیاروں نے کئی شدید دھماکہ خیز میزائل داغےجس کی وجہ سے پورے علاقے میں زوردار دھماکہ سنا گیا اور گہرا دھواں پھیل گیا۔
این این اے کے مطابق، اسرائیلی جیٹ طیاروں نے رات کے وقت زوطر الشرقیہ اور مفدون کے قصبوں کے درمیانی علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیل 2 مارچ کو شروع کیے گئے ایک نئے فوجی آپریشن کے بعد سے لبنان میں اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے جس کے دوران اسرائیلی افواج جنوبی لبنان کے کچھ علاقوں کی طرف پیش قدمی کر چکی ہیں۔
لبنان اور اسرائیل کے درمیان 26 جون کو امریکی ثالثی میں ایک فریم ورک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اسرائیل کے بتدریج انخلا کے بدلے وہاں لبنانی فوج کی تعیناتی اور حزب اللہ سمیت مسلح تنظیموں کو غیر مسلح کرنا شامل ہے۔
فریقین اس وقت سے امریکی قیادت میں فریم ورک معاہدے کے نفاذ پر مذاکرات کر رہے ہیں، جس میں اسرائیل کا انخلا اور لبنانی فوج کی تعیناتی شامل ہے۔
ان مذاکرات کے باوجود جنوبی لبنان پر اسرائیل کے حملے مسلسل جاری ہیں۔


















