ترکیہ وزارتِ توانائی و قدرتی وسائل نے کہا ہے کہ ترکیہ کا تحقیقاتی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ پاکستان روانہ ہو گیا ہے۔
وزارتِ توانائی و قدرتی وسائل نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ، ہائیڈروکاربن کی اندرون اور بیرونِ ملک تلاش کی سرگرمیاں پوری تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے اور اب سمندر میں بیرونِ ملک ہائیڈروکاربن کی تلاش کے مشن میں ایک اور اہم پیش رفت کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
تحقیقاتی جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ نے صومالیہ میں اپنا پہلا بین البراعظمی مشن مکمل کرنے کے بعد بیرونِ ملک ایک نئے مشن کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
ضلع مرسین کی 'تاش اوجو' بندرگاہ پر تیاریوں کی تکمیل کے بعد 30 اکتوبر کو روانہ ہونے والا اورچ رئیس اپنا دوسرا بیرونِ ملک آپریشن انجام دینے کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے۔
اورچ رئیس پاکستان کی سمندری حدود میں دو مختلف مقامات پر کام کرے گا۔ اس دوران جہاز 670 مربع کلومیٹر علاقے میں سہ جہتی جبکہ 2 ہزار 353 کلومیٹر علاقے میں دو جہتی زلزلہ جاتی (سیسمک) ڈیٹا جمع کرے گا۔
اورچ رئیس کی کل پاکستان آمد کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل آلپ ارسلان بایراکتار بھی شرکت کریں گے۔
’’ہم پاکستان کے سمندری علاقوں میں ہائیڈروکاربن کی تلاش کا کام شروع کر رہے ہیں‘‘
وزارتِ توانائی و قدرتی وسائل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر آلپ ارسلان بایراکتار نے کہا ہے کہ ترکیہ ، گہرے سمندر میں ڈرلنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا سب سے بڑا بحری بیڑا رکھتا ہے اور وہ گہرے سمندر میں تلاش کے شعبے میں حاصل کردہ تجربے کو دوست اور برادر ملک پاکستان کے ساتھ مل کر نئی کامیابیوں میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
بائیراکتار نے کہا ہے کہ اپنے نئے مشن کے تحت یہ جہاز سیسمک ڈیٹا جمع کرنے کا آپریشن انجام دے گا۔ اس آپریشن کے ذریعے ہم اپنے اس جہاز کی مدد سے پوری دنیا کے سامنے ایک بار پھر اپنی ریاست کی طاقت اور مقامی انجینئرنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ صلاحیتیں توانائی کے شعبے میں ہماری قوم کی خودمختاری کے عزم کی مضبوط علامت ہے۔
ہمارا قومی فخر، تحقیقاتی جہاز اورچ رئیس، جسے ترک انجینئروں نے تیار کیا ہے، اپنے دوسرے بین البراعظمی مشن کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے۔ اب تک اورچ رئیس نے بحیرۂ روم میں ہمارے سمندری علاقے ’ماوی وطن‘ میں 23 ہزار کلومیٹر اور صومالیہ میں 4 ہزار 464 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرکے اہم ڈیٹا جمع کیا ہے۔ اب ہم اسی جہاز کے ذریعے پاکستان کے سمندری علاقوں میں ہائیڈروکاربن کی تلاش کا کام شروع کر رہے ہیں۔ اس نئے مشن کے دوران ہمارا جہاز دو مختلف علاقوں میں دو جہتی اور سہ جہتی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گا۔‘‘
مرجان تھری ڈی اور مکران ٹو ڈی منصوبوں پر کام کیا جائے گا
اس آپریشن کے تحت اورچ رئیس سب سے پہلے انڈس-سی (Indus-C) بلاک کہلانے والے علاقے میں مرجان تھری ڈی سیسمک منصوبے پر کام کرے گا۔ اس دوران جہاز کراچی کے ساحل کے قریب مجموعی طور پر 670 مربع کلومیٹر کے علاقے میں سہ جہتی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گا۔
توقع ہے کہ جہاز کی تیاری اور ڈیٹا جمع کرنے کا عمل تقریباً 50 روز میں مکمل ہو جائے گا۔
ڈیٹا جمع کرنے کے ابتدائی مرحلے کی تکمیل کے بعد اورچ رئیس دوبارہ کراچی بندرگاہ واپس آئے گا، جہاں وہ ڈیٹا جمع کرنے کے نئے آپریشن کے لیے تیاریاں کرے گا۔
پاکستان کی سمندری حدود میں اورچ رئیس کا دوسرا مقام مکران بلاکس کہلانے والا علاقہ ہوگا۔ جہاز مکران ٹو ڈی سیسمک منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 2 ہزار 353 کلومیٹر کے علاقے میں دو جہتی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گا۔ مکران بلاکس میں اورچ رئیس کا یہ کام بھی تقریباً 25 روز میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
تحقیقاتی جہاز اورچ رئیس صومالیہ میں اپنا پہلا بین البراعظمی مشن کامیابی سے مکمل کر چکا ہے، جو 9 ماہ تک جاری رہا تھا۔
صومالیہ کے تین مختلف سمندری بلاکوں میں مجموعی طور پر 4 ہزار 464 مربع کلومیٹر کے علاقے میں اورچ رئیس کے ذریعے جمع کیے گئے سہ جہتی سیسمک ڈیٹا نے ترکیہ کے بیرونِ ملک گہرے سمندر میں پہلے ڈرلنگ آپریشن کی راہ ہموار کی تھی۔
اورچ رئیس کو 2017 میں ترک انجینئروں کی محنت اور مقامی و قومی وسائل استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا تھا۔
یہ جہاز قدرتی وسائل کی تلاش کے علاوہ سمندری حدود اور زمین کی اندرونی ساخت پر تحقیق کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اورچ رئیس سمندر کی تہہ میں تیل اور قدرتی گیس کی تلاش کے لیے دو جہتی اور سہ جہتی، دونوں طرح کی سیسمک تحقیقات انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس مقصد کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے اس جہاز کی لمبائی 87 میٹر، چوڑائی 23 میٹر اور اونچائی 34 میٹر ہے۔





















