اسپین میں لاکھوں ملازمین نے ،رہائشی مکانات کے گہرے ہوتے ہوئے بحران اور مکانات کے کرایوں میں مسلسل اضافے کے خلاف، ملک گیر ہڑتال کی۔
مزدور یونینوں کے مطابق بدھ کے روز تقریباً 40 لاکھ افراد نے کام چھوڑ دیا۔ 2012ء کے بعد ہونے والی یہ پہلی ملک گیر ہڑتال تھی، جسے ملک کی دو بڑی مزدور تنظیموں UGT اور CCOO کے علاوہ کرایہ داروں کی انجمنوں کی بھی حمایت حاصل تھی۔
دارالحکومت میڈرڈ سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ میڈرڈ کی مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک گران ویا پر پرائمارک، ایچ اینڈ ایم اور پل اینڈ بیئر جیسے بڑے بڑے اسٹور بند رہے۔ بارسلونا میں بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعات کے پیشِ نظر متعدد کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مکانات کی قیمتوں اور کرایوں میں بے تحاشا اضافے کے باعث وہ اپنا گھر خریدنے کے قابل نہیں رہے۔
اسپین مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار مکانات کی کمی ہے۔ توقع ہے کہ 2028ء تک یہ کمی بڑھ کر 10 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ اسپین کی یوتھ کونسل کے مطابق ملک میں اوسط ماہانہ کرایہ 1,176 یورو تک پہنچ چکا ہے جو نوجوانوں کی اوسط ماہانہ تنخواہ کا تقریباً 98.7 فیصد بنتا ہے۔
ہڑتال میں شرکت کی شرح بالخصوص بندرگاہوں اور گاڑیوں کی صنعت میں بہت زیادہ رہی۔ مزدور یونینوں نے اعلان کیا ہے کہ ان شعبوں میں جاری ہڑتال میں شرکت کی شرح 90 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ ناوارا میں ووکس ویگن اور بارسلونا میں سیٹ کی فیکٹریوں میں پیداوار مکمل طور پر بند رہی۔ صبح کے اوقات میں بجلی کی طلب میں بھی 15.5 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ ہڑتال سے متعلق واقعات میں دوپہر تک 40 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور پولیس کاروائیوں کے دوران 20 مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔
یہ ملک گیر ہڑتال 29 نومبر کو ہونے والے قبل از وقت انتخابات سے پہلے وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت پر دباؤ میں اضافے کا باعث بنی ہے۔ رہائشی مکانات کے بحران سے نمٹنے کے لیے پیش کی جانے والی قانونی اصلاحات کو پارلیمنٹ میں مسترد کیے جانے اور بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شدت نے قبل از وقت انتخابات کے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دوسری جانب آجروں اور کاروباری طبقے کے نمائندوں کا مؤقف ہے کہ اس بحران کا حل مزید مکانات کی تعمیر میں اور تعمیرات کے ساتھ ساتھ مکانات کی خریداری پر عائد ٹیکسوں میں کمی کرنے میں مضمر ہے۔






















