لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے ہفتے کے روز جنوبی لبنان پر حملوں میں چار افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
یہ حملے حال ہی میں بڑھائی گئی جنگ بندی کے دوران 6 ہلاکتوں کے ساتھ سب سے زیادہ جانی نقصان والے دن سے اگلے روز کئے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس نے رات بھر جنوبی لبنان کے تین مقامات پر ایران کے حمایت یافتہ گروپ 'حزب اللہ' کے بھاری راکٹ لانچروں کو نشانہ بنایا ہے۔
فوج نے کہا ہے کہ "یہ راکٹ لانچر اسرائیلی دفاعی افواج 'IDF' کے اہلکاروں اور اسرائیلی شہریوں کے لیے فوری خطرہ تھے۔"
بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کا نشانہ بننے والے مقامات جنوبی لبنان میں، اسرائیل کے نام نہاد بفر زون کے شمال میں، واقع دیر الزہرانی، رمان اور السامیہ ہیں۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے بتائی گئی ہلاکتیں اسرائیلی حملوں سے متعلق ہیں یا نہیں۔
اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ساتھ لڑائی کے دوران لبنانی شہریوں کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں دریائے لیتانی کے علاقے کے قریب نہ جائیں۔
فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں والے علاقے میں ایک "مشکوک فضائی ہدف" کو ناکارہ کر دیا ہے۔
حزب اللہ کے ایک رکنِ پارلیمنٹ نے جمعے کے روز جاری کردہ بیان میں کہا تھاکہ اسرائیل کے ساتھ جنگ میں امریکہ کی زیرِ ثالثی طے پانے والی جنگ بندی بے معنی ہے۔ یہ بیان جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع سے ایک دن بعد سامنے آیا۔ توقع ہے کہ جنگ بندی اتوار کو ختم ہو جائے گی۔













