میانمار میں ظلم و ستم کی شکار روہنگیا اقلیت کے مہاجرین پر مشتمل دو کشتیاں خلیجِ بنگال میں سمندر برد ہو گئی ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثےمیں 500 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت (IOM) اور اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دونوں کشتیاں جون کے آخر میں میانمار کی مغربی صوبے رخائن سے روانہ ہوئی تھیں۔کشتیوں میں سوار زیادہ تر مسافر روہنگیا تھے۔مسافروں میں پڑوسی ملک بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں سے آنے والے افراد بھی شامل تھے۔
اطلاعات کے مطابق روانگی کے کچھ ہی دیر بعد، تقریباً 250 افراد پر مشتمل، کشتی سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
280 مسافروں والی دوسری کشتی کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ 8 جولائی کو میانمار کے ایئراوادی ساحل کے قریب سمندر میں ڈوب گئی ہے۔
بیان میں اقوامِ متحدہ کے دونوں اداروں نے کہا ہے کہ"اگرچہ ان واقعات اور ہلاکتوں کی تعداد کی ابھی تک باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، تاہم UNHCR اور IOM کو ممکنہ طور پر انتہائی تباہ کن جانی نقصان پر شدید تشویش ہے۔"



















