انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے قریب ایک مسافر کشتی میں آگ لگنے کے نتیجے میں ایک مسافر ہلاک ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق آبنائے لومبوک میں جمعرات کے روز ایک فیری بوٹ میں دورانِ سفر آگ لگنے کے نتیجے میں ایک مسافر ہلاک ہو گیا اور درجنوں مسافر سمندر میں کود گئے۔ سمندر میں کُودنے والوں میں سے تاحال لاپتہ پانچ افراد کی تلاش جاری ہے۔
فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ایک بحری جنگی جہاز اور قریب سے گزرتی ایک اور مسافر فیری بوٹ سمیت مختلف بحری جہازوں نے مجموعی طور پر 211 افراد کو بچا کر ساحل تک پہنچا دیا ہے۔
حادثے میں ایک 19 سالہ لڑکی مردہ حالت میں پائی گئی ہے۔
جزیرے لومبوک کے ماتارام سرچ اینڈ ریسکیو دفتر نے کہا ہے کہ حادثے سے فوراً بعد شروع کی گئی امدادی کارروائیوں میں توجہ تاحال لاپتہ پانچ مسافروں کی تلاش پر مرکوز رکھی گئی ہے۔
بچ جانے والوں نے افراتفری کے عالم میں کئے گئے انخلا کی روداد سنائی
انڈونیشیا میں سمندری حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ یہ ملک 17,000 سے زائد جزائر پر مشتمل ایک مجموعہ جزائرہے اور روزمرہ آمدورفت اور سیاحت کے لیے بڑی حد تک بحری ذرائع رسل و رسائل پر انحصار کرتا ہے۔
کمزور حفاظتی معیار اور غیر متوقع موسمی حالات کو ایسے حادثات کی بڑی وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی جزیرہ جاوا کے قریب ایک فیری میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
گزشتہ ماہ 70 سے زائد افراد کو لے جانے والی ایک فیری جنوبی جزیرے سولاویسی کے قریب واقع چھوٹے جزیرے سیلار کے نزدیک ڈوب گئی تھی۔ تلاش کا عمل ختم ہونے سے قبل چار لاشیں برآمد ہوئی تھیں اور 14 افراد کو سرکاری طور پر لاپتہ قرار دے دیا گیا تھا۔





















