سرکاری میڈیا کے مطابق بدھ کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس پر حکام کو سیاحتی مقامات بند کرنے، بس سروسز اور تعمیراتی کام معطل کرنے اور خطرے سے پُر علاقوں کے رہائشیوں کو منتقل کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
شہر میں 300 سے زائد سیاحتی اور کیمپنگ مقامات بند 4,100 سے زائد گیسٹ ہاوسسز کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔
ژِنہوا نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ تقریباً 250 بس روٹس کو بند کر دیا گیا ہے تو 10 سب وے لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کو کم رفتار پر چلانے کا حکم دیا گیا۔ سیاحت کے لیے چلنے والی تمام کشتیوں کی سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پہاڑی دیہاتوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب اور زمینی آفات کے خطرات کے حامل دیگر مقامات کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
منگل دوپہر سے بدھ کی صبح تک بیجنگ میں اوسطاً 23.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ہنگامی سیلاب کنٹرول اقدامات کے تحت شہر بھر کے 3,357 تعمیراتی مقامات کو کام معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور اضافی گنجائش بنانے کے لیے آبی ذخائر کو کھول دیا گیا ہے۔
قومی موسمیاتی مرکز نے بدھ کو زوردار بارش کے لیے اپنا نارنجی الرٹ جاری کرتے ہوئے ملک کے وسیع حصے میں جمعرات کی صبح تک شدیدبارش کی پیش گوئی کی۔
























