پاکستان کے شمال مغربی علاقے جنوبی وزیرستان میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق آج بروز سوموار جنوبی وزیرستان کے علاقے 'وانا بازار' میں بم حملہ کیا گیا ہے۔ دھماکہ دیسی ساختہ بم سے کیا گیا اور افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ایک قبائلی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ضلعی پولیس کے سربراہ محمد طاہر کی صحافیوں کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق دھماکے میں احمدزئی قبیلے کے سربراہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں قبیلے کے سربراہ بھی شامل ہیں۔
احمدزئی قبیلہ مقامی آبادی کے 60 فیصد سے زیادہ پر مشتمل ہے۔
تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
جنوبی وزیرستان ایک غیر مستحکم علاقہ سمجھا جاتا ہے اور یہ تحریکِ طالبانِ پاکستان کا ابتدائی مرکزی ٹھکانہ بھی رہا ہے۔















