امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لئے مصنوعی ذہانت کا استعمال ممنوع کر دیا گیا ہے۔
نیویارک سٹی نے بدھ کے روزجاری کردہ بیان میں، 2026۔27 کے تعلیمی سال کے لیے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میئر دفتر کے مطابق یہ پالیسی امریکہ میں طلبہ پر مرکوز مصنوعی ذہانت کے استعمال پر عائد کی جانے والی سب سے وسیع پیمانے کی پابندی ہے۔ پابندی کا اطلاق نرسری سے لے کر آٹھویں جماعت تک کے تقریباً 600,000 طلبہ پر ہوگا۔ پابندی 2 سال سے 13 یا 14 سال کی عمر کے بچوں کا احاطہ کرتی ہے۔
میئر زوہران ممدانی نے کہا ہے کہ "بچوں کو سیکھنے اور نشوونما پانے کے لیے اساتذہ اور انسانی تعلقات کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہیں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی صلاحیتیں پروان چڑھانے، اساتذہ کے ساتھ تعلق قائم کرنے اور مشکل مسائل کا خود سامنا کرنے کی ضرورت ہے۔"
یہ پابندی طلبہ کے لیے مواد تیار کرنے والی تمام مصنوعی ذہانت سافٹ ویئروں پر لاگو ہوگی۔
اساتذہ تدریسی منصوبہ بندی اور انتظامی امور کے لیے، نیویارک سٹی پبلک اسکولوں کے حفاظتی معیاروں پر پوری اترنے والی، مصنوعی ذہانت ایپلی کیشنوں کا استعمال جاری رکھ سکیں گے ۔
معذور طلبہ، کثیر اللسان بچوں اور کمپیوٹر سائنس جیسے پیشہ ورانہ تیاری پروگراموں میں حصہ لینے والے طلبہ کو اس پابندی سے آزاد رکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نیویارک سٹی، سالانہ تقریباً 900,000 طلبہ کے ساتھ، امریکہ کا سب سے بڑا سرکاری اسکول نظام چلاتا ہے۔ یہ پابندیاں ، تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، اس کے سیکھنے کے عمل، طلبہ کی رازداری اور کمرہ جماعت میں انسانی تعلقات پر ممکنہ اثرات کے بارے میں جاری مباحث کے دوران سامنے آئی ہیں۔


















