پولینڈ میں 19 ملین شہریوں کا طبّی ڈیٹا چوری ہو گیا ہے۔
ٹی وی پی ورلڈ چینل کی خبر کے مطابق پولینڈ کے وزیر برائے ڈیجیٹل امور کژیشتوف گاکوفسکی نے بدھ کے روزجاری کردہ بیان میں بڑے پیمانے پر طبی ڈیٹا لیک ہونے اور اس واقعے سے تقریباً 19 ملین شہریوں کے متاثر ہونے کا اعلان کیاہے۔
گاکوفسکی نے کہا ہے کہ ایک غیر معمولی سائبر حملے کے نتیجے میں تقریباً 19 ملین پولش شہریوں کا ڈیٹا لیک ہوگیا ہے۔ یہ حملہ، ڈاکٹروں اور کلینکوں کے زیرِ استعمال اور ملک میں خفیہ طبی ریکارڈ فراہم کرنے والے بڑے ترین اداروں میں سے ایک کے، مریضوں کے آن لائن ریکارڈ پلیٹ فارم کو نشانہ بنا کر کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ"کمپنی نے بھی 19 ملین مریضوں کا ریکارڈ چوری ہونے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ اس ریکارڈ کو آپس میں جوڑا بھی جا سکتا ہے۔"
وزیر نے کہا ہے کہ سائبر سکیورٹی کے ادارے واقعے کی نوعیت اور اسباب کے تعین کے لیے کام کر رہے ہیں اور حکومت نے چوری سے متعلقہ تمام معلومات کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
گاکوفسکی نے کہا ہے کہ فی الحال ڈیٹا کے کسی دوسرے ملک کی طرف سے چوری کئے جانے کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں ملا ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ"کوئی بھی نہ تو کسی سے مذاکرات کرے گا اور نہ ہی کسی قسم کی بلیک میلنگ کے سامنے جھکے گا۔"





















