ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان نے کہا ہے کہ شام کے لئے ترکیہ۔آذربائیجان مشترکہ گیس سپلائی اقدام اس ملک کی ترقی اور علاقائی سلامتی میں معاون ثابت ہوگا۔
پیر کے روز باکو انرجی ہفتے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر اردوعان نے کہا ہے کہ "ترکیہ۔آذربائیجان مشترکہ منصوبے کے نتیجے میں شام کو گیس کی فراہمی کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ قدم اس ملک کی ترقی اور علاقائی سلامتی میں ناقابلِ تردید کردار ادا کرے گا"۔
انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی پیش رفت نے توانائی کے شعبے میں آذربائیجان کے ساتھ مل کر اٹھائے گئے اقدامات کی اہمیت کو ایک بار پھر واضح کر دیا ہے۔ دونوں ممالک اُن بڑے بڑےمنصوبوں کوعملی جامہ پہنا رہے ہیں جو کبھی ناممکن سمجھے جاتے تھے۔
انہوں نے، آذربائیجان کے ساتھ مل کر شروع کئے گئے اور جارجیا کے تعاون سے مکمل ہونے والے، باکو۔تبلیس۔جیہان، باکو۔تبلیس۔ارض روم اور ٹرانس اناطولیائی قدرتی گیس پائپ لائن منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
صدر اردوعان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان تعاون، آذری۔چراغ۔گنیش لی اور شاہ دنیز شراکت داریوں کے ذریعے مزید گہرا ہوا ہے۔ شاہ دنیز میں "شفق۔آسیمان" شراکت داری اس بات کی علامت ہے کہ دوطرفہ توانائی تعاون بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔
اردوعان نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ سال فعال ہونے والی ائیغدر۔ناہچیوان گیس پائپ لائن نے آذربائیجان کے علاقے ناہچیوان میں توانائی کی سلامتی کو تقویت دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان بجلی کے رابطے بھی اسٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں اور ترکیہ، آذربائیجان، جارجیا اور بلغاریہ کے درمیان جاری "گرین الیکٹرک ٹرانسمیشن اینڈ ٹریڈ" منصوبے سے وسیع خطے کی توانائی سلامتی میں اضافہ متوقع ہے۔
خطے کے توانائی راستوں پر بات کرتے ہوئے صدر اردوعان نے کہا ہے کہ براستہ آذربائیجان اور ترکیہ ترکمان گیس کی برآمد نے تعاون میں فروغ کے نئے مواقع پیدا کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ باکو۔تبلیس۔جیہان پائپ لائن، قزاقستان کے قدرتی وسائل کو مغربی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے،اب بتدریج زیادہ استعمال ہو رہی ہے۔
صدر نے کہا ہے کہ بشمول قابلِ تجدید اور سبز توانائی ترکیہ کی پالیسی توانائی کے تمام شعبوں میں موثر کارکردگی، کفایت اور ماحولیات کے احترام پر مبنی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا ہے کہ ترکیہ 9 تا 20 نومبر انطالیہ میں COP31 کانفرنس کی میزبانی کرے گا، جس سے عالمی موسمیاتی اقدامات میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔














