فرانس انفو نیوز پورٹل کی رپورٹ کے مطابق، بجلی کے تقسیم کار آپریٹر اینیڈیس نے اعلان کیا ہے کہ رات بھر شدید طوفان کے کئی علاقوں کو متاثر کرنے کے بعد فرانس بھر میں تقریباً 13,000 گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان کا سبب بننے والے طوفانوں میں، خاص طور پر آردیش کے علاقے میں کئی سینٹی میٹر قطر تک کے اولوں نے گھروں، گاڑیوں اور عوامی عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔
تقریباً 1,000 افراد کی آبادی والے پرادیس گاؤں میں مقامی حکام نے بتایا کہ ژالہ باری کے طوفان سے تقریباً 95 فیصد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
بدھ کی شام دو گھنٹوں کے دوران 2,200 سے زائد بار آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد آردیش طوفان کے دوران فرانس میں آسمانی بجلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ بن گیا۔
آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے آگ بھی لگی جس نے تقریباً چار ہیکٹر رقبے کو جلا کر راکھ کر دیا۔
طوفانوں نے کئی علاقوں میں سیلاب اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں خلل کا سبب بھی بنا۔
سارتھ میں بھی بدھ کی شام کو تقریباً 17,000 گھر بجلی سے محروم ہو گئے تھےالبتہ کئی گھروں کو بجلی دوبارہ فراہم کر دی گئی ہے۔
جمعرات تک تقریباً 6,000 گھروں کو ابھی تک بجلی فراہم نہیں کی جا سکی ہے۔
دوردون میں تقریباً 500 گھروں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
علاقے میں طوفان کی وجہ سے ہونے والے نقصان اور زمین کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث کئی لائنوں پر ریلوے ٹریفک میں بھی خلل دیکھا جا رہا ہے۔
طوفانوں نے وُوکلوز کے علاقے میں انگور کے باغات کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
جمعرات کے روز 15 علاقوں میں طوفان کا اورنج الرٹ نافذ تھا جبکہ 31 علاقوں میں اب بھی شدید لو کا اورنج الرٹ برقرار تھا۔
فرانس کو حالیہ ہفتوں میں شدید ترین درجہ حرارت کے واقعات کا سامنا ہے۔
خشک موسمی حالات بڑے پیمانے پر جنگلاتی آگ کا سبب بن رہے ہیں جبکہ شدید طوفانوں نے بجلی اور ٹرانسپورٹ کے نیٹ ورکس میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا کر دیا ہے۔



















