غّزہ جنگ
2 منٹ پڑھنے
اسرائیل نے ڈرون حملے کر کے پانچ فلسطینیوں کو قتل کر دیا
اسرائیل نے غزہ شہر پر ڈرون حملہ کر کے پانچ فلسطینیوں کو قتل اور متعدد کو زخمی کر دیا
اسرائیل نے ڈرون حملے کر کے پانچ فلسطینیوں کو قتل کر دیا
غزہ شہر پر اسرائیلی حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد فلسطینی سوگ منا رہے ہیں۔ / AA

اسرائیل نے غزہ شہر پر ڈرون حملہ کر کے پانچ فلسطینیوں کو قتل اور متعدد کو زخمی کر دیا ہے۔

ان حملوں کے بعد، رات دیر گئے، کیے گئے فضائی حملوں میں غزہ کے شمالی اور وسطی علاقوں میں چار مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور  آس پاس کی درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

طبی ذرائع نے ،دن کے ابتدائی اوقات میں غزہ شہر پر کیے گئے ڈرون حملوں میں پانچ فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

چند گھنٹے بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے شجاعیہ، الیفہ اور ریمال محلوں میں واقع تین مکانات اور دیر البلح میں البحیسی خاندان کے ایک گھر پر بمباری کرکے انہیں مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

علاقے کے رہائشیوں کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ان کے موبائل فونوں پر اچانک موصول ہونے والی انخلا کی وارننگوں کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ بمباری سے قبل درجنوں خاندانوں کو اپنے گھر چھوڑ کر سڑکوں پر پناہ لینے کے لیے بھاگنا پڑا۔

حملوں میں چار مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئےاورآس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، مکانات پر بمباری کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ مہلک حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اسرائیل علاقے میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

غزہ  وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے دوران، اب تک 1,470 سے زائد فلسطینیوں کو  قتل اور 5,180 سے زیادہ کو زخمی کر  چکا ہے ۔

فلسطینی حکام کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل،  اکتوبر 2023 سے غزہ پر مسّلط کردہ نسل کُشی جنگ کے دوران 74 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو قتل اور 1 لاکھ 75 ہزار سے زیادہ  کوزخمی کر  چکا ہے ۔ اس کے علاوہ علاقے کے تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچے کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے