دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی حکومت نے ریاست لوزیانا میں 150 سے زائد افغان مہاجرین کو حراست میں لیا ہے اور انہیں افغانستان ڈی پورٹ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی حکام نے بتایا ہے کہ بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کو امریکی حکومت کی جانب سے افغانستان واپس بھیجنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق، 150 سے زائد افغان مہاجرین کو پہلے پاکستان بھیجنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ انہیں افغانستان کی سرحد تک ڈی پورٹ کرنے کے عمل کی نگرانی پاکستان کرے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں پہلی ڈی پورٹیشن پرواز 2 نومبر کو روانہ ہونے کی توقع ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) طے شدہ ملک بدری کی کارروائیوں کے بارے میں تبصرہ نہیں کرتا، جن میں پروازوں کا شیڈول، مسافروں کی فہرستیں، منزلیں یا انفرادی کیسز کی تفصیلات شامل ہیں۔
پاکستان کی وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ کے ترجمانوں نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے کی گئی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔
افغانستان کی حکومت کے عہدیداروں نے بھی تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔


















