ترکیہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نعمان قورطلمش نے کہا ہےکہ ترکیہ کا "دہشت گردی سے پاک ترکیہ" اقدام ملک کے اندر اور پورے خطے میں مزید مضبوط اتحاد کی راہ ہموار کرے گا اور بالآخر "زیادہ مضبوط اور دہشت گردی سے پاک خطے" کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگا۔
استنبول میں منعقدہ باسفورس ڈپلومیسی فورم کی اختتامی تقریب سے خطاب میں قورطلمش نے"دہشت گردی سے پاک ترکیہ اقدام "کو ایک وسیع تر علاقائی عمل کا پہلامرحلہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ "ہم اب اس 40 سال سے زائد عرصے پر محیط دور کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں، جس میں ہمارے ہزاروں شہری شہید ہوئے، دسیوں ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور دیہات و شہر تباہ ہوگئے۔"
قورطلمش نے کہا ہے کہ "اس ملک میں ترک، کرد اور دیگر نسلی برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اتحاد کے ساتھ مل کر اپنے سفر کو جاری رکھیں گے۔"
انہوں نے کہا ہے کہ تفریق، تقسیم اور دوسروں کو اجنبی سمجھنے کی زبان کی جگہ "بھائی چارے اور اتحاد کی زبان" اپنائی جانی چاہیے۔ یہ سوچ ترکیہ کی سرحدوں سے آگے بڑھ کر ترکوں، کردوں، عربوں اور دیگر برادریوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لائے گی۔
ترکیہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نعمان قورطلمش نے کہا ہے کہ "ایک مضبوط اور دہشت گردی سے پاک خطے کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔"




















