ترکیہ ٹیکنالوجی میں خود کفالت کے حصول کے لئے ٹیکنالوجی کے اہم شعبوں کی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے تحقیق و ترقی (R&D) کے لئے مختص فنڈ کو ازسرِ نو منظم کر رہا ہے۔
اطلاع کے مطابق انقرہ ملک کے بیرونی انحصار کو کم کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کے اہم شعبوں کی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے تحقیق و ترقی (R&D) مراعات کو ازسرِ نو مرّتب کرے گا۔ اس معاملے میں مرکزِ توجہ شعبوں میں بالخصوص خلائی اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے شعبوں کو ترجیح دی جائے گی۔
حکومت کے2027 سے 2029 کے عرصے پر محیط وسط مدتی پروگرام (OVP) کا مقصد موجودہ R&D مراکز، ٹیکنالوجی ترقیاتی زونوں اور کاروباری انکیوبیشن مراکز کے لیے سرکاری مالی معاونت کے ذریعے ہدفی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر ترکیہ کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو مضبوط بنانا ہے۔
روڈ میپ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ زیادہ صلاحیت رکھنے والے ابتدائی مرحلے کے ٹیکنالوجی اسٹارٹ اَپس، بالخصوص وہ کمپنیاں جن میں ایک ارب ڈالر کی مالیت رکھنے والی "یونیکورن" کمپنی بننے کی صلاحیت ہو، ان کی مالی ضروریات پوری کی جانی چاہئیں۔
یہ منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے کہ بڑے پیمانے پر کام کرنے والے نجی R&D مراکز اور ٹیکنوپارکس کے لیے تخصص کا ماڈل جاری رکھا جائے، تاکہ وہ ابھرتے ہوئے شعبوں میں جدید حل تیار کرنے پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ سرکاری تحقیقی فنڈنگ کو سائبر سکیورٹی، خودکار نظام، کوانٹم کمپیوٹنگ، ہائپرسونک نظام اور جدید نسل کے مواد جیسی ڈیپ ٹیکنالوجیز کی جانب منتقل کیا جائے گا۔
انقرہ نینو ٹیکنالوجی، بائیو ٹیکنالوجی، سینسرز، چِپس، بیٹریاں، جوہری اور قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز کے ساتھ ساتھ بلاک چین اور روبوٹکس کے شعبوں کو بھی معاونت فراہم کرے گا۔
OVP میں ان شعبوں میں کام کرنے والے تحقیقی اداروں، جامعات اور نجی شعبے کی کمپنیوں کے درمیان اسٹریٹجک تعاون قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔
ترکی کے قومی خلائی پروگرام میں اعلیٰ اضافی قدر رکھنے والی سیٹلائٹ اور خلائی ٹیکنالوجیز کی ترقی اور تجارتی بنانے سے متعلق تحقیقی اقدامات بھی شامل ہوں گے، جس کے ذریعے اس شعبے میں ملکی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا۔
انقرہ نقل و حمل کے شعبے میں نیٹ زیرو اخراج کے اہداف میں معاونت کے لیے نئی نسل کی ریلوے ٹیکنالوجیز اور ماحول دوست پروپلشن سسٹمز تیار کرنے کے لیے ضروری تحقیقی بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے۔
OVP میں مقامی پیٹنٹس، تجارتی برانڈز اور صنعتی ڈیزائنز کی قدر کا تعین، مالی معاونت اور انہیں تجارتی بنیادوں پر متعارف کرانے کے لیے نئے مالیاتی طریقۂ کار بھی متعارف کرانے کی تفصیلات شامل ہیں۔
ترکی کی حکومت خصوصی تحقیقی مراکز، مصنوعات پر مرکوز پلیٹ فارمز اور جدید ترین ٹیسٹ لیبارٹریوں کی مالی معاونت کے لیے یونیورسٹی اور صنعت کے درمیان تعاون کے ماڈل کو استعمال کرے گی۔
ترکی اسٹریٹجک ٹیکنالوجیز کے شعبے میں عالمی سطح پر تحقیقی تعاون کے مواقع تلاش کرتے ہوئے اپنے مقامی ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے بین الاقوامی اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے اور مجموعی ترقی کی صلاحیت کو وسعت دینے کا ہدف رکھتا ہے۔


















