ناسا کی خلائی گاڑی ’’کیوریوسٹی‘‘ نے 2024 میں مریخ کے گیل کریٹر میں واقع گیدیز ویلس چینل سے گزرتے ہوئے اتفاقاً خالص گندھک کا سراغ لگایا ہے۔
اطلاع کے مطابق’’کیوریوسٹی‘‘ نے گیدیز ویلس چینل سے گزر رہی تھی کہ ایک چٹان اس کے 899 کلوگرام وزن کے باعث ٹوٹ گئی اور اندر سے زرد رنگ کے کرسٹل برآمد ہوئے۔
تجزیوں سے تصدیق ہوئی کہ یہ کرسٹل خالص عنصری گندھک (سلفر) ہیں۔ اگرچہ مریخ پر اس سے پہلے گندھک اور آکسیجن کی حامل سلفیٹ معدنیات دریافت ہو چکی ہیں لیکن خالص گندھک اپنی عنصری حالت میں پہلی مرتبہ دریافت ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں سائنس دانوں نے معلوم کیا ہے کہ اس نوعیت کی چٹانیں تقریباً 2 ہزار 100 مربع میٹر کے وسیع علاقے میں پھیلی ہوئی ہیں۔ قوی احتمال کے مطابق یہ ذخائر اربوں سال پہلے وجود میں آئے ہوں گے۔
جون 2026 میں سائنسی جریدے ’’سائنس‘‘ (Science) میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، گندھک کے یہ ذخائر تقریباً 3 ارب 10 کروڑ سے 2 ارب 80 کروڑ سال پہلے وجود میں آئے ہوں گے۔
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ قدیم آتش فشانی سرگرمیوں کے دوران خارج ہونے والی گندھک پر مشتمل گیسیں زیرِ زمین محصور ہو گئی ہوں گی۔ ممکنہ طور پر وقت گزرنے کے ساتھ سطحِ زمین کی ساختیں کٹاؤ کا شکار ہوئیں، جس کے نتیجے میں یہ گیسیں باہر نکل آئیں اور کیمیائی تعاملات کے باعث خالص گندھک کے کرسٹل بن گئے۔
مریخ پر زندگی کی تلاش
گندھک ان ضروری عناصر میں سے ایک ہے جو جانداروں کے جسم میں پروٹین کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والے امینو ایسڈ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تاہم، محققین نے واضح کیا ہے کہ مریخ پر خالص گندھک کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ اس سیارے پر کبھی زندگی بھی موجود رہی ہے۔
درحقیقت، ایک دوسری تحقیق میں یہ ثابت کیا گیا ہے کہ خالص گندھک جانداروں کی کسی مداخلت کے بغیر بھی کیمیائی تعاملات کے نتیجے میں وجود میں آ سکتی ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق، یہ دریافت اربوں سال پہلے مریخ پر موجود ماحولیاتی حالات اور اس سیارے کی ارضیاتی تاریخ کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے۔






















